امریکا دہشت گردی مخالف جنگ میں مصر کے شانہ بشانہ کھڑا ہے ، مائیک پینس

 
0
616

قاہرہ،جنوری 21(ٹی این ایس):امریکا کے نائب صدر مائیک پینس اور مصری صدر عبدالفتاح السیسی نے مشرقِ وسطی میں دہشت گردی کے خلاف جنگ میں مشترکہ محاذ کے عزم کا اظہار کیا ہے اورکہا ہے کہ امریکا اس جنگ میں مصر کے شانہ بشانہ کھڑا ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق امریکی نائب صدر نے ان خیالات کا اظہار قاہرہ میں مصر ی صدر عبدالفتاح السیسی سے ملاقات میں کیا ۔ وہ تین ملکوں کے چار روزہ دورے کے پہلے مرحلے میں قاہرہ پہنچے تھے اور گذشتہ ایک عشرے میں کسی اعلی امریکی عہدہ دار کا مصر کا یہ پہلا دورہ ہے۔مائیک پینس اور عبدالفتاح السیسی کے درمیان کوئی ڈھائی گھنٹے تک بات چیت ہوئی اور انھوں نے دونوں ملکوں کے درمیان دو طرفہ اقتصادی اور سیاسی تعلقات ، مشرقِ وسطی کی صورت حال ، اسرائیل اور فلسطینیوں کے درمیان امن عمل اور داعش سمیت دہشت گردی کے خلاف جنگ میں تعاون کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا ۔صدر السیسی نے ان سے گفتگو کرتے ہوئے دہشت گردی کے سرطان کے خاتمے کی ضرورت پر زوردیا جس نے ان کے بہ قول پوری دنیا ہی کو خوف زدہ کررکھا ہے۔مائیک پینس نے کہا کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے اقتدار کے ایک سال کے دوران میں مصر کے ساتھ تعلقات کو مضبوط بنانے کی کوشش کی ہے۔انھوں نے صدر السیسی سے مخاطب ہو کر کہا کہ ہم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں آپ اور مصر کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور مصریوں کے خلاف دہشت گردی کے حالیہ حملوں میں انسانی جانوں کے ضیاع پر ہمارے دل دکھی اور افسردہ ہیں۔انھوں نے خاص طور پر دسمبر میں قاہرہ کے نواح میں ایک چرچ کے باہر ایک جنگجو کی قبطی عیسائیوں پر فائرنگ کا حوالہ دیا جس کے نتیجے میں نو افراد ہلاک ہوگئے تھے۔ انھوں نے گذشتہ سال نومبر میں شمالی سینا میں ایک مسجد میں عبادت گزاروں پر حملے کا بھی ذکر کیا۔اس حملے میں 311 نمازی جاں بحق ہوگئے تھے۔