لاہور، جنوری 23 (ٹی این ایس): تحریک لبیک یا رسول اللہ نے آئندہ انتخابات میں بھر پور حصہ لینے کا اعلان کر دیا ،لاہور سے انتخابی مہم کا آغاز کر دیا گیا۔ تحریک لبیک کے مرکزی رہنما اشرف جلالی نے دعویٰ کیا ہے کہ اگلے انتخابات میں مسلم لیگ ن کے امیدوارں کی ضمانتیں ضبط کروا دیں گے۔تفصیلات کے مطابق تحریک لبیک یا رسول اللہ نے آئندہ انتخابات میں بھر پور حصہ لینے کا اعلان کر دیا۔
انتخابی مہم کے سلسلے میں این اے 124 داروغہ والا میں جامعہ نقشبندیہ فخرالعلوم میں نظام مصطفیٰﷺ کنونشن کا انعقاد کیا گیا ہے۔اس موقع پر علما و مشائخ کے علاوہ کارکنان کی بڑی تعداد موجود تھی۔ڈاکٹر اشرف جلالی نے این اے 124 سے الیکشن لڑنے کا اعلان کر دیا۔ انہوں نے کہا نواز شریف کا یہ کہنا کہ ہم آئندہ الیکشن بھی جیتیں گے یہ ان کی خام خیالی ہے۔ عام انتخابات جیتنا تو در کنار مسلم لیگ ن کے امید واروں کی ضمانتیں ضبط ہو جائیں گی۔لاہور تحریک لبیک یا رسول اللہﷺ کا قلعہ ثابت ہو گا۔ انکا کہنا تھا کہ وہ انتخابات میں کامیابی حاصل کرنے کے بعد ملک میں نظام مصطفیٰﷺ نافذ کر دیں گے۔