نواز شریف کے ذاتی معالج کو طبی معائنے، بیروزگار وں کوالائونس دینے اورصحافیوں سے ناروا رویے پر وزیر اطلاعات سے استعفے کے مطالبے کی قراردادیں جمع

 
0
584

لاہور جنوری 09 (ٹی این ایس): سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف کے ذاتی معالج کو طبی معائنے کی اجازت ،بیروزگار افراد کو بیروزگاری الائونس دینے اورصحافیوں سے ناروا رویہ اپنانے پر وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان سے استعفے کے مطالبے پر مبنی قراردادیں پنجاب اسمبلی میں جمع کرادی گئیں۔رکن اسمبلی حنا پرویز بٹ کی جانب سے جمع کرائی گئی قرارداد کے متن میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کے تین مرتبہ وزیر اعظم رہنے والے اور پاکستان کو ایٹمی قوت بنانے سابق محمد نواز شریف انتقامی سیاست کا نشانہ بنے ہیں اورکوٹ لکھپت جیل سزا کاٹ رہے ہیں۔نواز شریف نے ذاتی معالج سے طبی معائنہ کرانے کی درخواست کی ہے۔مطالبہ ہے کہ نواز شریف کے ذاتی معالج کو ان سے ملنے کی اجازت دی جائے تاکہ وہ ان کا طبی معائنہ کر سکیں ۔علاوہ ازیں پی ٹی آئی کے رکن اسمبلی نذیر چوہان نے بیروزگار افراد کو بے روزگاری الائونس دینے کے مطالبے کی قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع کر ادی ۔جس کے متن میں کہا گیا ہے کہ بیروزگار افراد کی تعداد میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے جس کی وجہ سے غربت میں بھی اضافہ ہو رہا ہے۔حکومت بیروزگار افراد کی مشکلات دور کرنے کے لیے اقدامات کرئے اور ان کے لئے بیروزگاری الائونس کا اعلان کیا جائے۔قرارداد میں مطالبہ کیاگیا ہے کہ امیروں سے جائیداد وںاور لگژری اشیا ء پر ٹیکس وصول کرکے بیروزگاروں کی مدد کی جائے ۔پیپلز پارٹی کے پارلیمانی لیڈر سید حسن مرتضیٰ کی جانب سے جمع کرائی قرارداد کے متن میں کہا گیا ہے کہ تحریک انصاف کے وزرا ء کی جانب سے صحافیوں کی مسلسل تضحیک معمول بن چکا ہے،پہلے تحریک انصاف نے قومی رہنمائوں کی پگڑیاں اچھالی،اب حکومتی وزرا ء کے ٹارگٹ پر ریاست کا چوتھا ستون میڈیا ہے۔صحافیوں کی تضحیک میں فیاض الحسن چوہان پیش پیش ہیں۔فیاض الحسن چوہان کی جانب سے صحافیوں کو بدتمیز اور بے شرم کہنا انتہائی افسوسناک ہے،فیاض الحسن چوہان کا رویہ قابل مذمت ہے ۔مطالبہ ہے کہ صوبائی وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان کو فوری طور پر عہدے سے ہٹایا جائے اور وہ اپنے الفاظ پر معافی مانگیں۔