لیبیامیں دوکار بم دھماکوں میں 33 افراد ہلاک ، 70 زخمی

 
0
337

طرابلس جنوری 24(ٹی این ایس)لیبیا کے حکام نے بتایا ہے کہ بنغازی شہر میں بارود سے بھری دو کاروں کے ذریعے کیے گئے دھماکوں کے نتیجے میں کم سے کم 33 افراد ہلاک اور 70 زخمی ہوگئے ۔ دھماکے کے نتیجے میں لیبیا کی انٹیلی جنس ایجنسی کے شعبہ انسداد جاسوسی کے ڈائریکٹر بریگیڈیئر میدی الفلاح بھی ہلاک ہوگئے ۔عرب ٹی وی کے مطابق بنغازی کے سیکیورٹی حکام کا کہناتھا کہ یہ بم دھماکے مسجد بیعت رضوان کے سامنے اس وقت کیے گئے جب لوگ نماز عشاء کی ادائیگی کے بعد مسجد سے باہر آ رہے تھے۔ آخری اطلاعات تک کسی گروپ نے ان حملوں کی ذمہ داری قبول نہیں کی ۔تمام زخمیوں کو مقامی اسپتالوں میں منتقل کیا گیا ہے تاہم اسپتال انتظامیہ کی ترجمان فادیا البرغثی کا کہنا تھا کہ جائے وقوعہ سے زخمیوں کو لانے کا سلسلہ جاری ہے۔ ان کی تعداد میں اضافہ ہوسکتا ہے۔ بعض زخمیوں کی حالت خطرے میں بتائی جاتی ہے۔بنغازی میں سیکیورٹی مرکز کے ترجمان طارق الخراز نے بتایا کہ ایمبولینسیں جائے وقوعہ پر موجود ہیں۔سیکیورٹی حکام نے واقعے کی تفتیش شروع کردی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ ایک دہشت گردانہ حملہ ہوسکتا ہے کیونکہ دھماکے شہریوں کے ھجوم والے مقام پر کیے گئے اور ایسا وقت چنا گیا جب لوگ بڑی تعداد میں مسجد میں نماز کے لیے جمع تھے۔ انہوں نے بتایا کہ گرفتاری اور تفتیشی یونٹ کا کمانڈر احمد الفیتوری بھی مارا گیا ہے۔