شامی علاقے منبج میں ترک فوج کے مقابلے کے لیے 300 امریکی تعینات

 
0
333

انقرہ،02 اپریل(ٹی این ایس):ترک فوج کی ممکنہ طورپر شمالی شام کے کرد اکثریتی علاقے منبج میں آمد کے پیش نظر وہاں پر تعینات امریکی فوج نے بھی دفاعی تیاریاں تیز کردی ہیں۔ تمام فوجی کیمپوں اور چوکیوں کو فول پروف سیکیورٹی فراہم کی گئی ہے اورساتھ ہی ساتھ شہر میں اضافی نفری بھی تعینات کی گئی ہے۔امریکی ٹی وی کے مطابق منبج میں 300 امریکی فوجی تعینات کیے گئے ہیں اور ان کے ساتھ ساتھ آرمرڈ گاڑیاں اوربھاری ہتھیار بھی پہنچائے گئے ہیں۔ یہ ہتھیار اور فوجی شمالی شہر حلب کے صرین قصبے میں قائم ایک فوجی اڈے سے وہاں منتقل کیے گئے ہیں۔خیال رہے کہ منبج میں امریکی فوج کی طرف سے یہ پیش رفت ایک ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب حال ہی میں ترکی نے عفرین شہر کے بعد منبج میں بھی فوج داخل کرنے کی دھمکی دی تھی۔ عفرین میں ترکی نے جنوری میں ’شاخ زیتون‘ کے عنوان سے کرد جنگجوؤں کے خلاف فوجی آپریشن شروع کیا تھا۔عفرین کے برعکس منبج میں امریکی فوجی اڈہ اور امریکی فوجیوں کی بڑی تعداد بھی موجود ہے جو ترک فوج کے لیے ایک مسئلہ بن سکتی ہے۔