2015ء میں این ٹی ایس پاس کرنے والے امیدواروں کو محکمہ تعلیم میں نوکریاں دی جائیں گی، معذور افراد کیلئے خصوصی معذور کارڈ اور ملازمتوں میں 5فیصد کوٹہ دیا جائیگا، وزیرداخلہ سرفراز بگٹی کی پریس بریفنگ

 
0
808

کوئٹہ ،جنوری 24 (ٹی این ایس):وزیرداخلہ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ 2015ء میں این ٹی ایس پاس کرنے والے امیدواروں کو محکمہ تعلیم میں نوکریاں دی جائیں گی معذور افراد کے لئے خصوصی معذور کارڈ اور ملازمتوں میں 5فیصد کوٹہ دیا جائے گا،میرچاکر رند یونیورسٹی کے قیام کا بل اسمبلی سے پاس کرایا جائے گا صحبت پور کو ضلع کا درجہ دیدیا گیا ہے جبکہ لہڑی کو ضلع سبی میں ضم کیا جائے گا ،صوبے کے مختلف محکموں میں خالی اسامیوں کی اصل تعداد اگلے کابینہ کے اجلاس میں طلب کرلی گئی ہے بلوچستان کا سب سے بڑا مسئلہ کرپشن ہے کرپشن ختم ہوجائے تو صوبے میں نہ انتشار رہے گا نہ دہشت گردی رہے گی ،وفاق کی جانب سے صوبے کے ڈیڑھ ارب روپے کٹوتی کے معاملے کا علم نہیں ہے۔ یہ بات انہوں نے صوبائی کابینہ کے پہلے اجلاس کے بعد میڈیا بریفنگ دیتے ہوئے کہی ۔اس موقع پر صوبائی وزراء طاہر محمود خان اچکزئی ،میر عامر رند،وزیراعلیٰ کے مشیر میر ضیاء لانگو،سابق صوبائی وزیر میرفائق جمالی بھی موجود تھے۔

میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ کابینہ کا پہلا اجلاس 8گھنٹے تک جاری رہا جس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ 2015ء میں جن 180امیدواروں نے این ٹی ایس کا امتحان پاس کیا تھا انہیں اسوقت کی حکومت نے نوکریاں نہیں دی انکاکیس سپریم کورٹ میں گیا تھا صوبائی حکومت سپریم کورٹ سے اپنا مقدمہ واپس لیکر ان تمام امیدواروں کو محکمہ تعلیم میں بھرتی کرے گی ۔انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت سماجی بہبود کی پالیسی پر گامزن ہے اس سلسلے میں معذور افراد کے لئے مشیر برائے خزانہ ڈاکٹر رقیہ سعید ہاشمی کی صدارت میں کمیٹی تشکیل دیدی گئی ہے صوبائی حکومت معذور افراد کے لئے انڈومنٹ فنڈ اور خصوصی کارڈ کا اجراء کر رہی ہے جس میں معذور افراد سے متعلق تمام معلومات ہونگی کابینہ نے فیصلہ کیا ہے کہ معذور افراد کے 5فیصد کوٹے پر سختی سے عملدرآمد کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے مختلف محکموں میں بہت سی اسامیاں خالی ہیں تاہم کابینہ اجلاس میں دو قسم کے اعدادو شمار پیش کئے گئے جس کے مطابق مختلف محکموں میں 10اور15ہزاراسامیاں خالی ہیں وزیراعلیٰ نے غیر واضح اعدادو شمار پیش کرنے پر سیکرٹری ایس اینڈ جی اے ڈی اور دیگر حکام کی سرزنش کی ہے اور اگلے کابینہ اجلاس میں مکمل اعدادو شمار پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سبی میں میر چاکر یونیورسٹی کا منصوبہ زیر التواء تھا ہم نے کابینہ سے منصوبے کو منظور کرلیا ہے جلد ہی اسمبلی سے بھی اسکی منظوری لے لی جائے گی لہڑی اور صحبت پور جنہیں الگ الگ ضلع بنایا گیا تھا اور معاملہ ہائی کورٹ میں تھا کابینہ نے ہائیکورٹ کی حکم کی روشنی میں فیصلہ کیا ہے کہ صحبت پور الگ ضلع بنے گا جبکہ لہڑی کو سبی میں ضم کیا جائے گا۔

انہوں نے بتایا کہ صوبے بھر میں کسی بھی چیک پوسٹ پر بھتہ وصولی اور سمگلنگ کی اجازت کسی صورت نہیں دی جائے گی عوام سے اپیل ہے کہ کسی بھی چین یا چیک پوسٹ پر بھتہ وصولی کی جائے اسکی ویڈیو بنائیں یا ہمیں اطلاع دیں ہم ایسے کرپٹ اہلکاروں کے خلاف سخت کارروائی کریں گے ۔انہوں نے کہا کہ پولیس اور لیویز سے انسداد اسمگلنگ کے اختیارات واپس لے لئے ہیں تاہم ایف سی سے یہ اختیارات واپس لینے کیلئے وفاق سے رجوع کیا جائے گا اسمگلنگ روکنا کسٹم کی ذمہ داری ہے قانون نافذ کرنے والے اداروں پر اسکا اضافی بوجھ آتا تھا ہم صوبے سے باہر کسی بھی قسم کی سمگلنگ کی اجازت نہیں دیں گے جبکہ بارڈر پرسختی کرکے اسمگلنگ کی سرکوبی اور جائز کاروبار کو فروغ دیں گے ۔انہوں نے کہا کہ شہداء کی قربانیوں کی وجہ سے ہمیں آج امن ملا ہے ہم پولیس اور لیویز کے شہداء کے لئے نئے پیکج کا اعلان کر رہے ہیں کابینہ کے اگلے اجلاس میں سول ڈیفنس کے اہلکاروں کیلئے رسک الاؤنس کی منظوری بھی دی جائے گی۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وفاق کی جانب سے بلوچستان کے ڈیڑھ ارب روپے کٹوتی سے متعلق علم نہیں ہے تاہم بلوچستان ملک کی اہم ترین اکائی ہے اگر خدانخواستہ ایسا کو ئی اقدام کیا گیا تو اس سے محرومیاں بڑھیں گی ۔انہوں نے کہا کہ ہماری کابینہ کا وژن ہے کہ کم وقت میں زیادہ سے زیادہ عوامی خدمت کریں کرپشن کے خاتمے کیلئے بھر پور اقدامات کر رہے ہیں بلوچستان میں کرپشن کی لعنت سے چھٹکارا حاصل کرنا چاہتے ہیں اگر کرپشن ختم ہوجائے تو نہ کوئی انسرجنسی ہوگی نہ ہی امن و امان کا مسئلہ رہے گا اگلے ہفتے سیف سٹی منصوبے پر کام کرنے والی کمپنی کے لوگ کوئٹہ آرہے ہیں اورا س منصوبے پر عملدرآمد شروع ہوجائے گا فرانزک لیبارٹری کیلئے 2011ء سے پیسے مختص تھے جس پر عملدرآمد نہیں ہورہا تھا ہم نے اس سلسلے میں بھی ایک کمیٹی بنادی ہے جلد ہی صوبے میں فرانزک لیبارٹری کا قیام بھی عمل میں آجائے گا۔