ایران میں ترقیاتی فنڈ سے 2.5 ارب ڈالر عسکری اخراجات کے لیے مختص

 
0
411

تہران جنوری 26(ٹی این ایس)ایرانی سپریم رہ نما علی خامنہ ای نے ہدایت کی ہے کہ آئندہ سال کے بجٹ میں ترقیاتی فنڈ سے نکالے جانے والے 4 ارب ڈالر میں سے 2.5 ارب ڈالر عسکری اخراجات کے لیے مختص کیے جائیں،میڈیارپورٹس کے مطابق یہ بات ایرانی پارلیمنٹ میں بجٹ کمیٹی کے ترجمان علی اصغر یوسف نڑاد نے کہی،ایران کا مالی سال 21 مارچ کو شروع ہو گا۔بجٹ میں خسارے کے سبب ترقیاتی فنڈ سے نکالی جانے والی رقم کئی سیکٹروں میں تقسیم ہو گی۔ اس میں 2.5 ارب ڈالر عسکری بجٹ کے لیے مختص ہوں گے۔ اس کے علاوہ 15 کروڑ ڈالر ریڈیو اور ٹی وی کے لیے ، 10 کروڑ ڈالر سیلاب سے آفت زدہ علاقوں کی تعمیرِ نو کے لیے ، 10 کروڑ ڈالر بچوں کی ویکسینیشن کے لیے ، 35 کروڑ ڈالر سیستان اور بلوچستان صوبوں میں عام سہولیات کے لیے، 15 کروڑ ڈالر ریت اور گرد کے طوفانوں سے نمٹنے کے لیے اور 65 کروڑ ڈالر پانی کے منصبوں کے لیے ہوں گے۔اگرچہ مہنگائی، غربت اور ملک میں نصف سے زیادہ آبادی کے ابتر معاشی حالات کے خلاف عوامی احتجاج کا سلسلہ جاری ہے۔ تاہم عسکری اخراجات کا زیادہ تر حصّہ دہشت گردی کی سپورٹ، خطے میں مداخلتوں، ایرانی پاسداران انقلاب کی جنگوں اور شام، یمن، عراق، لبنان اور خطے کے دیگر علاقوں میں پاسداران کی سرگرمیوں کی نذر ہو جاتا ہے۔ایرانی صدر حسن روحانی کی حکومت نے آئندہ برس کے عام بجٹ میں دفاع کے لیے مختص رقم 39% تک کر دی جس کے بعد اس مد میں مختص رقم کا حجم 10.3 ارب ڈالر تک پہنچ گیا۔سال 2013 میں سابق صدر محمود احمدی نڑاد کے دور صدارت کے اختتام پر دفاعی بجٹ کا حجم 6 ارب ڈالر تھا جو روحانی کی حکومت نے 2014 میں 8 ارب ڈالر کر دیا۔ اس میں سب سے زیادہ حصّہ ایرانی پاسداران انقلاب کا تھا جس کو 2013 میں 3.3 ارب ڈالر ، 2014 میں 5 ارب ڈالر اور 2015 میں 6 ارب ڈالر کے قریب ملے۔اگرچہ 2016 کے بجٹ میں پاسداران انقلاب کا میزانیہ کم ہو کر 4.5 ارب ڈالر ہو گیا۔ تاہم ایرانی سرکاری اعداد و شمار کے مطابق 2017 کے دوران پاسداران انقلاب کے میزانیے میں 53% اضافہ ہوا اور اس کے لیے مختص رقم بڑھ کر 6.9 ارب ڈالر ہو گئی۔