پنجاب میں فرانزک لیب کا قانون 2007ء میں بنا کر ہم نے کام شروع کیا، شہبازشریف جھوٹ بول کر کریڈٹ نہ لیں‘پرویزالٰہی 

 
0
703

لاہور جنوری 26(ٹی این ایس)پاکستان مسلم لیگ کے سینئرمرکزی رہنما و سابق نائب وزیراعظم چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ میری حکومت نے پنجاب میں جرائم کے خاتمہ کیلئے فرانزک لیب کیلئے 2007ء میں صوبائی اسمبلی سے باقاعدہ بل پاس کروا کر کام شروع کیا، مگر ہمارے دیگر منصوبوں کی طرح شہبازشریف نے اس پر بھی کام روک کر 5سال بعد دوبارہ شروع کیا اور اپنے جھوٹ کی وجہ سے اب اس کا بھی کریڈٹ لے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسی طرح انہوں نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال منڈی بہاؤالدین کے ہمارے منصوبہ پر 10سال تک کام شروع نہیں کیا جبکہ گجرات تا سالم دو رویہ سڑک کی تعمیر ہمارا منصوبہ تھا جس میں سے پھالیہ تک ہم نے سڑک مکمل کر لی تھی لیکن شہبازشریف نے اس پر بھی کام روک دیا اور ان منصوبوں کا بھی کریڈٹ لینے کی کوشش کر رہے ہیں۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ اسی طرح انہوں نے پل چک نظام ملکوال کی تعمیر کے کام کا چوتھی بار افتتاح کیا جبکہ قبل ازیں نوازشریف بھی اس کا فیتہ کاٹ چکے ہیں۔

چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ ہماری حکومت نے منڈی بہاؤالدین میں 5سال کے دوران ترقیاتی منصوبوں اور عوامی فلاحی کاموں پر اربوں روپے خرچ کیے جبکہ 7158 ملین روپے کی لاگت کے 5 منصوبے بھی زیر تکمیل تھے جن میں 95کلومیٹر کی گجرات سالم ڈیول کیرج روڈ، ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال، تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال ملکوال، زچہ بچہ مرکز صحت پھالیہ اور گورنمنٹ ڈگری کالج برائے خواتین شامل ہیں۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ ان کی دیگر فیل سکیموں کی طرح موبائل ہسپتال پروگرام بھی ناکام ہو چکا ہے اگر وہ منڈی بہاؤالدین سمیت گوجرانوالہ ڈویژن کے عوام سے اتنی محبت کے دعویدار ہیں تو انہوں نے وزیرآباد کارڈیالوجی ہسپتال 10سال تک کیوں آپریشنل نہیں کیا جس کے باعث دل کے سینکڑوں مریض بروقت طبی امداد نہ ملنے سے انتقال کر چکے ہیں، دراصل انہیں جھوٹ بولنے اور پنجاب میں ہمارے منصوبوں کو التوا میں ڈال کر پھر تختیاں بدل کر اپنے کھاتے میں ڈالنے کے ڈرامے کرنے کی عادت ہے، ہماری حکومت کے 5سال کے مقابلہ میں شہبازشریف نے پنجاب میں 15سال دور اقتدار میں بھی کچھ نہیں کیا اور جھوٹے دعوؤں یا ڈرامہ بازی کے سوا کچھ نہیں کر سکتے ہیں، ان کے ہر منصوبہ اور پروگرام میں کروڑوں نہیں بلکہ اربوں روپے کے گھپلے سامنے آ رہے ہیں۔ انہوں نے اپنا جو بھی منصوبہ، سکیم یا پروگرام شروع کیا وہ بری طرح ناکام ہوا اسی لیے اب وہ ہمارے لاہور میٹرو ٹرین، رنگ روڈ، فرانزک لیبارٹری، آئی ٹی، لینڈ ریکارڈ اور گاڑیوں کی کمپیوٹرائزیشن، چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو، فارم ٹو مارکیٹ سڑکوں اور عام و غریب آدمی و کسانوں کی فلاح و بہبود کے دیگر انقلابی اور مثالی منصوبوں کا ذکر کر کے ہیرو بننے کی ناکام کوشش کر رہے ہیں۔