عراق میں اجتماعی قبر سے فوجیوں اور عام شہریوں کی 75 لاشیں برآمد

 
0
362

کرکوک جنوری 27(ٹی این ایس)عراق کے حکام نے بتایا ہے کہ ملک کے شمالی شہر کرکوک سے ایک اجتماعی قبر ملی ہے جس میں 75 افراد کی لاشوں کی باقیات کا پتا چلایا گیا ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق کرکوک شہر کے گورنر راکان سعید الجبوری نے بتایا کہ اجتماعی قبر سے ملنے والی لاشوں میں عام شہریوں اور عراقی فوجیوں کی لاشیں بھی شامل ہیں۔ انہیں شدت پسند گروپ ’داعش‘ نے شہر پرقبضے کے دوران پکڑںے کے بعد موت کے گھاٹ اتار دیا تھا۔الجبوری نے بتایا کہ مقامی شہریوں نے الحشد الشعبی ملیشیا کو بتایا کہ الحویجہ کے قریب ایک اجتماعی قبرموجود ہے جس میں داعش کی جانب سے قتل کئے دسیوں افراد اور عراقی فوجیوں کو دفن کیا گیا تھا۔خیال رہے کہ عراق اجتماعی قبروں کے حوالے سے مشہور ہے۔ حکام کے مطابق صرف کرکوک شہر میں اب تک 14 اجتماعی قبریں دریافت کی گئی ہیں جن میں سیکڑوں افراد کو بے رحمی کے ساتھ موت کے گھاٹ اتارنے کے بعد دفن کیا گیا تھا۔کرکوک کے گورنر نے بتایا کہ اجتماعی قبر سے ملنے والی لاشوں کے ساتھ ان کے کپڑے، ہڈیاں اور وہ تاریں جن میں ان کے ہاتھ پاؤں باندھے گئے تھے پائے گئے ہیں۔