لاہور جنوری 28 (ٹی این ایس)سانحہ ماڈل ٹاؤن میں 14افرادکی ہلاکت کے معاملے میں نامزد افراد کی انسداددہشتگردی عدالت میں طلبی کی درخواست پر سماعت کے لئے فل بنچ تشکیل دیدیاگیا۔ادارہ منہاج القران کے ڈائریکٹر جواد حامد کی جانب سے سابق وزیراعظم نواز شریف ، شہبازشریف ،، حمزہ شہباز ، صوبائی وزیررانا ثنا اللہ خان ، وفاقی وزرا خواجہ سعد رفیق ، خواجہ آصف سمیت دیگر سانحہ ماڈل ٹاؤن کے استغاثہ میں نامزد لیگی رہنماؤں کی انسدادہشت گردی کورٹ میں طلبی کی درخواست پرفل بنچ تشکیل دیاگیا ہے۔جسٹس عبدالسمیع خان کی سربراہی میں جسٹس عالیہ نیلم اور جسٹس صداقت علی خان پر مشتمل فل بنچ 29جنوری کو سماعت کرے گا۔ درخواست گزار کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا ہے کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے ملزمان کیخلاف استغاثہ دائرکررکھاہے جس میں نوازشریف ،شہبازشریف،حمزہ شہباز،رانا ثنا اللہ اورخواجہ سعدرفیق سمیت دیگررہنماؤں کو نامزد کیا گیا ہے۔ استغاثہ میں پولیس افسران کوبھی نامزدکیاگیاہے۔ اے ٹی سی نے پولیس افسران کوطلب کرلیا ہے لیکن نوازشریف سمیت دیگر کو طلب نہیں کیا گیا۔ درخواست گزار نے عدالت سے استدعا کی ہے کہ نوازشریف ، شہباز شریف ، رانا ثنا اللہ سمیت دیگر استغاثہ میں نامزد لیگی رہنماوں کو اے ٹی سی کورٹ طلب کرنیکاحکم دیا جائے۔