ابوظہبی ،جنوری29(ٹی این ایس):ذرائع کے مطابق متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ خلیفہ بن زاید آل نہیان نے اتوار کی صبح اپنی والدہ شیخہ حصہ بنت محمد آل نہیان کے انتقال پر 3روزہ سوگ کا اعلان کردیا۔ انہوں نے والدہ کے انتقال کی خبر انتہائی رنج و ملال کے ساتھ قوم کو سنائی۔ امارات کے صدر شیخ خلیفہ کی والدہ شیخہ حصہ کی نماز جنازہ اتوار کو ظہر کی نماز کے بعد العین کی مسجد المعترض میں ادا کی گئی اور تدفین العین کے القصید قبرستان میں ہوئی۔ نماز جنازہ میں دبئی کے حکمران شیخ محمد بن راشد آل مکتوم، ولی عہد ابوظہبی شیخ محمد بن زاید، عجمان کے حکمران شیخ حمید بن راشد النعیمی، ام القوین کے حکمران شیخ سعود المعلا اور دیگر حکومتی عہدیداران ، وزراءاور مشائخ شریک تھے۔













