خانیوال،بین الاضلاعی مویشی چور گینگ کا سرغنہ دو ساتھیوں سمیت گرفتار 

 
0
578

ملزمان کا26سے زائد وارداتوں کے ارتکاب کا اعتراف ،قبضے سے24لاکھ روپے مالیت سے زائد کے مویشی ، اسلحہ برآمد ، مقدمات درج
خانیوال ،جنوری  30 (ٹی این ایس):
پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے بین الاضلاعی مویشی چور گینگ کا سرغنہ دو ساتھیوں سمیت گرفتار کرلیا،ملزمان نے 26سے زائد وارداتوں کے ارتکاب کا اعتراف کرلیا۔ملزمان سے 24لاکھ روپے مالیت سے زائدمویشی برآمد ‘ملزمان کے زیر استعمال ناجائز اسلحہ بھی برآمد کر کے مقدمات درج کر لئے گئے ۔

اس ضمن میں ڈی پی او آفس سے جاری ایک پریس ریلیز میں بتایا گیا کہ بین الاضلاعی مویشی چور رمضان عرف داری گینگ کچھ عرصہ سے خانیوال ‘پاکپتن اور اوکاڑہ کے اضلاع میں اپنی کریمنل سرگرمیوں میں مصروف تھا اور شہریوں کے مویشی وغیرہ چوری کرلیتا تھا ۔ڈی پی او خانیوال رضوان عمر گوندل نے مویشی چور رمضان گینگ کی کریمنل سرگرمیوں کا سخت نوٹس لیتے ہوئے ڈی ایس پی کبیروالا اور ایس ایچ او صدر کبیروالا محمد فاروق کو اپنے دفتر طلب کرکے رمضان گینگ میں ملوث ملزمان کی گرفتاری اور مال مسروقہ کی برآمدگی کا ٹاسک دیتے ہوئے کچھ ضروری گائیڈ لائن دیں ۔

ایس ایچ او صدر کبیروالا نے تھانہ کے محنتی او رقابل جونےئر پولیس افسران پر ٹیم تشکیل دی اور کچھ مخبر بھی مامو ر کیے ٹیم نے اپنے انفارمیشن ذرائع اور دن رات کی شبانہ روز کاوشوں کے نتیجہ میں رمضان عرف داری گینگ کا پتہ چلاتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا ۔گرفتار ملزمان میں محمد رمضان عرف داری ولد بشیر احمد قوم ماچھی سکنہ پاکپتن سرغنہ اور اس کے دو ساتھی محمداقبال عرف بالی ولد جعفر حسین قوم کمہار اور مظہر فرید ولد جعفر حسین قوم کمہار سکنائے پاکپتن شامل ہیں ۔ملزمان نے ابتدائی انٹروگیشن کے دوران انکشاف کرتے ہوئے پاکپتن‘ اوکاڑہ اور خانیوال میں 26سے زائد وارداتوں کے ارتکاب کا اعتراف کیا ۔

ملزمان سے چوری شدہ 8بھینسیں ‘7گائے اور بیل جن کی مالیت 24لاکھ 36ہزار روپے بنتی ہے برآمد کرلیے ہیں جبکہ ملزمان کے زیر استعمال ناجائز اسلحہ جن میں 2پسٹل 30بور اور درجنوں گولیاں شامل ہیں بھی برآمد کرکے مقدمات کا اندراج کرلیا ہے ۔ملزمان سے انٹروگیشن جاری ہے جن سے مزید برآمدگی متوقع ہے ۔ اہل علاقہ نے ڈی پی او رضوان عمرگوندل او ررمضان گینگ کو گرفتار کرکے مال مسروقہ برآمد کرنے والی ٹیم کو خراج تحسین پیش کیا جبکہ ڈی پی او نے گینگ کی گرفتاری پر مامور ٹیم کے لیے نقد انعامات اور تعریفی سر ٹیفکیٹ دئیے جانے کے احکامات جاری کیے ہیں ۔