شانگلہ : ترقیاتی سکیموں پرکام کی رفتار تیز کرکے سکیموں کو بروقت مکمل کیا جائے، پانی کی فراہمی کے131 کنکشن مکمل ہو چکے ، باقی ماندہ بھی 30 جنوری تک مکمل کرلئے جائیں گے پرویز خٹک کی ہدایت 

 
0
313

دو تحصیلوں میں گراؤنڈز کیلئے متعلقہ اراضی پر سیکشن فور لگادیا گیا ہے اور پی سی ون بھی منظورہو چکا ،تیسری تحصیل بشام میں گراؤنڈ کیلئے 25 کنال اراضی کا انتخاب کیا جا چکا ہے جس پر سیکشن فور جلد لگا دیں گے،پرویز خٹک کو بریفنگ
پشاور ،جنوری  30 (ٹی این ایس):وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک نے ضلع شانگلہ میں جاری ترقیاتی سکیموں پرکام کی رفتار تیز کرکے سکیموں کو بروقت مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے ۔ وہ وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ پشاو رمیں ضلع شانگلہ میں ترقیاتی سکیموں کے مسائل کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کر رہے تھے ۔ صوبائی مشیر عبد المنعم ، ایم پی اے شوکت یوسفزئی، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو ، ایرگیشن ، پبلک ہیلتھ انجینئرنگ اور مواصلات و تعمیرات کے انتظامی سیکرٹریز ، ڈی سی شانگلہ سمیت دیگر متعلقہ محکموں کے نمائندوں اور اعلیٰ حکام نے اجلاس میں شرکت کی ۔

اجلاس کو ضلع شانگلہ میں جاری ترقیاتی سکیموں کی پیشرفت اور سکیموں پر عمل درآمد میں حائل مسائل اور رکاوٹوں سے آگاہ کیا گیا ۔ محکمہ آبنوشی کی سکیموں کے حوالے سے متعلقہ حکام نے بتایا کہ عوام کو پانی کی فراہمی کیلئے کنکشن دیئے جارہے ہیں 131 کنکشن مکمل ہو چکے ہیں جبکہ باقی ماندہ بھی 30 جنوری تک مکمل کرلئے جائیں گے ۔ سیلاب سے متاثرہ انفراسٹرکچر کی بحالی کیلئے محکمہ بلدیات کی سکیم کے حوالے سے بتایا گیا کہ 5 جنوری کو ٹینڈر ہو چکا ہے تاہم ورک آرڈر ابھی جاری نہیں ہوا۔ وزیراعلیٰ نے ورک آرڈر کی تاخیر پر برہمی کا اظہار کیا اور ہدایت کی کہ فوری طور پر ورک آرڈر جاری کرکے اُس کی کاپی وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ کو ارسال کی جائے ۔

ضلع شانگلہ میں سپورٹس گراؤنڈ کے حوالے سے بتایا گیا کہ دو تحصیلوں میں گراؤنڈز کیلئے متعلقہ اراضی پر سیکشن فور لگادیا گیا ہے اور پی سی ون بھی منظورہو چکا ہے جبکہ تیسری تحصیل بشام میں گراؤنڈ کیلئے 25 کنال اراضی کا انتخاب کیا جا چکا ہے جس پر سیکشن فور جلد لگا دیں گے ۔ ڈیرہ ہائیر سیکنڈری سکول کیلئے سیکشن فور لگانے کیلئے ڈپٹی کمشنر کوکہہ دیا گیا ہے ۔ وزیراعلیٰ نے تمام شعبوں میں جاری سکیموں پر کام تیز کرنے اور رکاوٹیں دور کرنے کی ہدایت کی ۔وزیراعلیٰ نے کہاکہ جو سکیمیں عمل درآمد کیلئے تیار ہو تی جائیں اُن پر بلا تاخیر کام شروع کیا جا ئے ۔وزیراعلیٰ نے ٹی ایم او کو ہدایت کی کہ ایک ہفتے کے اندر تمام سکیمیں ڈی ڈی سی کو پہنچ جانی چاہئیں ۔

صوبائی حکومت کی پہلے سے اعلان کردہ نئی تحصیلوں اور سب تحصیلوں کے حوالے وزیراعلیٰ نے کہا کہ وفاقی حکومت کی طرف سے پابندی کی وجہ سے اعلامیہ جاری نہیں کیا گیا تا ہم انہوں نے عندیہ دیا کہ تحصیلوں کا مشروط اعلامیہ جاری کردیا جائے گا ،جب حلقہ بندیوں کا سلسلہ ختم ہو گااور وفاقی حکومت کی طرف سے پابندی اُٹھ جائے گی تو تحصیلیں فعال ہو جائیں گے ۔و زیراعلیٰ نے اس موقع پر ڈپٹی کمشنر شانگلہ کو بھی ہدایت کی کہ عوام کیلئے کھلی کچہری کی تاریخ سے کم ازکم دو روز قبل متعلقہ عوامی نمائندے / وزیر کو مطلع کر دیا جائے تاکہ اُس کی شرکت بھی یقینی ہو سکے ۔