وہ وقت دور نہیں جب پاکستان سے لوڈ شیڈنگ کا مکمل خاتمہ ہو جائیگا‘عابد شیر علی

 
0
969

قصور جنوری 30(ٹی این ایس)وزیر مملکت برائے توانائی عابد شیر علی کی واپڈا آفس قصور میں کھلی کچہری ‘عوام الناس کی شکایات سنی اور موقع پر احکامات جاری کئے ۔تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر مملکت برائے توانائی عابد شیر علی نے گزشتہ روز واپڈا آفس قصور میں کھلی کچہری لگائی اور عوام الناس کی واپڈا کے متعلق شکایات سنیں اور موقع پر احکامات جاری کئے ۔ اس موقع پر انکے ہمراہ رکن قومی اسمبلی ملک رشید احمد خاں ‘چیئر مین ضلع کونسل رانا سکندر حیات خاں ‘چیف ایگزیکٹو لیسکو لاہور ریجن واجد علی کاظمی ‘چیف لیسکو محمد علی ڈوگر ‘چیئر مین بیت المال کمیٹی ناصر محمود خاں ‘چیئر مین ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کونسل برائے این جی او ز جمیل احمد خاں اور دیگر لیسکو افسران نے شرکت کی ۔

وفاقی وزیر مملکت برائے توانائی عابد شیر علی نے کہا کہ موجودہ حکومت نے ملک سے لوڈ شیڈنگ کے خاتمے کیلئے تاریخی اقدامات کئے ہیں اور وہ وقت دور نہیں جب پاکستان سے لوڈ شیڈنگ کا مکمل خاتمہ ہو جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ عوام الناس کے معیار زندگی کو بلند کرنے اور انہیں بنیادی سہولیات کی فراہمی کیلئے خطیر رقم صرف کی جارہی ہے ۔آج واپڈا صارفین کو انکے بل کی معلومات ‘لوڈ شیڈنگ کے اوقات ‘نئے کنکشن کی معلومات اور شکایات بارے لمحہ بہ لمحہ آگاہ رکھنے کیلئے جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے ایک نظام وضع کیا گیا ہے تا کہ صارفین کی شکایات کا بروقت ازالہ کیا جاسکے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ خود اور انکی ٹیم عوام الناس کی خدمت کیلئے دن رات کوشاں ہے ۔قصور کے عوام کی شکایات کو حل کیلئے وہ ہر ہفتے لیسکو کے اعلیٰ افسران کیساتھ قصور کا دورہ کرینگے اور موقع پر شکایات کا ازالہ کیا جائیگا۔