ملکی معیشت کو بہتر بنا کر ہی روزگار کے وسیع مواقع پیدا کئے جا سکتے ہیں،شاہد خاقان عباسی

 
0
312

اسلام آباد جنوری 30(ٹی این ایس)وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ ملکی معیشت کو بہتر بنا کر ہی روزگار کے وسیع مواقع پیدا کئے جا سکتے ہیں،پاکستان میں کئی نظاموں کا تجربہ کیا گیا تاہم صرف پارلیمانی نظام ہی کامیاب رہا ہے،ترقیاتی کاموں کا انحصار محصولات پر ہوتا ہے ،ملک کی کل آباد ی کا صرف اعشاریہ آٹھ فیصد حصہ ٹیکس ادا کرتا ہے،تمام شعبوں میں آگاہی کے حصول کیلئے طلباء نصاب میں شامل تمام مضامین کا مطالعہ کریں۔ وزیراعظم نے یہ بات منگل کو گفٹ یونیورسٹی گوجرانوالہ کے طلباء کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ وزیراعظم نے غیر رسمی انداز میں یونیورسٹی کے شعبہ ابلاغیات کے طلباء وطالبات سے گفتگو کی۔

انہوں نے طلبا کی جانب سے کئے جانیوالے تمام سوالات کے جواب دیئے اور طلبا کوجمہوریت، پاکستان کے پارلیمانی نظام اور حکومتی ڈھانچے کے کام کرنے کے طریقہ کار سے آگاہ کیا۔وزیراعظم نے کہا کہ افراد کی استعداد کار میں اضافے سے ہی ملک مستحکم انداز میں ترقی کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں کئی نظاموں کا تجربہ کیا گیا تاہم ہمارے ملک میں صرف پارلیمانی نظام ہی کامیاب رہا ہے۔وزیراعظم نے بتایا کہ ترقیاتی کاموں کا انحصار محصولات پر ہوتا ہے تاہم ملک کی کل آباد ی کا صرف اعشاریہ آٹھ فیصد حصہ ٹیکس ادا کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ نصاب میں شامل تمام مضامین کا مطالعہ کیا جانا چاہئے تاکہ تمام شعبوں سے آگاہی حاصل ہو۔انہوں نے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناحؒ کی زندگی کے بارے میں زیادہ آگاہی فراہم کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے طالبعلموں پر زور دیا کہ وہ اپنی ذاتی صلاحیتوں کو نکھار کر اور پیشہ وارانہ مہارت حاصل کرکے ان شعبوں میں شمولیت اختیار کریں جہاں ان کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ تعلیم ترقی کا زینہ ہے کوئی بھی قوم اس وقت تک ترقی کی منازل طے نہیں کر سکتی جب تک کہ نوجوان نسل تعلیم کے زیور سے آراستہ ہو کر تعمیر و ترقی میں اپنا کردار ادا نہ کرے۔