امریکا نےحماس کے سربراہ اسماعیل ہانیہ کا نام بین الاقوامی دہشت گردوں کی فہرست میں شامل کر لیا

 
0
330

کراچی، جنوری 31 (ٹی این ایس): امریکا نے فلسطین کی جدو جہد آزادی کے لیے کوشاں تنظیم حماس کے سربراہ اسماعیل ہانیہ کا نام بین الاقوامی دہشت گردوں کی فہرست میں شامل کر دیا ہے۔

امریکی محکمہ خارجہ کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق اسماعیل ہانیہ حماس کے ملٹری ونگ کے ساتھ قریبی تعلقات رکھتے ہیں مسلح جدوجد کے حامی ہیں۔

امریکا کی جانب سے اسماعیل ہانیہ کا نام دہشت گردوں کی فہرست میں شامل کیے جانے کے بعد ان کے اثاثے بھی منجمند کر دیے گئے ہیں اور سفری پابندیاں بھی عائد کر دی گئی ہیں۔

امریکا کا الزام ہے کہ اسماعیل ہانیہ متعدد اسرائیلی اور 17 امریکی شہریوں کے قتل میں ملوث ہیں۔

خیال رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے گزشتہ برس دسمبر میں مقبوضہ بیت المقدس کو اسرائیلی دارالحکومت تسلیم کرتے ہوئے اپنا سفارتخانہ تل ابیب سے یروشلم منتقل کرنے کا اعلان بھی کیا تھا۔

او آئی سی اور اقوام متحدہ سمیت امریکا کے متعدد اتحادیوں نے بھی ڈونلڈ ٹرمپ کے اس اعلان کی مذمت کرتے ہوئے خطے میں مزید کشیدگی کا قرار دیا تھا۔