خواجہ عمران نذیر کا کینسر کی ادویات تیار کرنیوالی اونکو فارما اور کاسمیٹکس بنانے والے ادارے کا دورہ

 
0
363

لاہور فروری 2(ٹی این ایس)صوبائی وزیر پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کئیر خواجہ عمران نذیر نے کہا ہے کہ فارما سیوٹیکل انڈسٹریز میں گڈ مینوفیکچرنگ پریکٹسز اور سٹینڈرڈ آپریٹنگ پروسیجرز کے اعلیٰ معیار کے حوالے سے دورہ ترکی کے تجربات کی روشنی میں پنجاب میں فارماانڈسٹریز اور کاسمیٹکس تیار کرنے والے یونٹس میں اصلاحات متعارف کرائی جائیں گی۔انہوں نے یہ بات استنبول میں سرطان کے علاج کی ادویات تیار کرنے والی فارماسیوٹیکل کمپنی ONKOفارما اور کاسمیٹکس تیار کرنے والے یونٹ کے دورے کے موقع پرکہی۔ ڈریپ کی طرز پر ترکی میں ادویات کو ریگولیٹ کرنے والے ادارے ترکش میڈیسن اینڈ ڈیوائسز ایجنسی کے صدر ہکی گرسز، وزیر صحت ترکی کی ایڈوائزر میڈم اسما کے اعلیٰ افسران اور پاکستانی وفد کے ارکان بھی اس موقع پر موجود تھے۔ خواجہ عمران نذیر نے بتایا کہ ترکی کی فارما سیوٹیکل انڈسٹری میں جی ایم پیز اور اعلیٰ اسٹینڈرڈز آپریٹنگ پروسیجرز اور ہائی جئین کا بہت خیال رکھا جاتا ہے اور اس حوالے سے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال بھی قابل ذکر ہے۔ خواجہ عمران نذیر کا کہنا تھا کہ وہ ترکی کے دورہ کے دوران حاصل ہونے والے بہترین تجربات اور مشاہدات کی روشنی میں صوبہ پنجاب میں ادویہ سازی کی صنعت اور کاسمیٹکس تیار کرنے والے اداروں میں جی ایم پیز پر عملدرآمد اور بین الاقوامی معیارات کے مطابق انڈسٹری کو ریگولیٹ کرنے کے لیے حکمت عملی اور منصوبہ بندی کریں گے اور اس مقصد کے لئے تمام سٹیک ہولڈرز سے مشاورت بھی کی جائے گی۔