3سالوں سے1300ہائیر سیکنڈری سکولوں میں سربراہوں کی اسامیاں خالی ،2تحریک التوائے کار پنجاب اسمبلی میں جمع

 
0
338

لاہور فروری 2(ٹی این ایس)تین سالوں سے پنجاب کے 1300ہائیر سیکنڈری سکولوں میں سربراہوں کی اسامیاں خالی ہونے کیخلاف 2تحریک التوائے کار پنجاب اسمبلی سیکرٹریٹ میں جمع کروا دی گئیں ۔ مسلم لیگ (ق) کی رکن صوبائی اسمبلی خدیجہ عمرفاروقی کی طرف سے 1300سے زائد ہائی و ہائر سیکنڈری سکولوں میں تین برسوں سے ہیڈ ماسٹرز ، ہیڈمسٹریسز اور پرنسپل کی خالی آسامیوں پر پنجاب اسمبلی میں تحریک التوائے کار جمع کروائی گئی جس میں کہا گیا ہے کہ پنجاب بھر کے ہائی و ہائیر سیکنڈری سکولوں میں 3سالوں سے خالی آسامیوں پر محکمانہ ترقیوں کے ذریعے ان آسامیوں پر تعیناتی ہونی تھیں لیکن محکمہ کی غفلت کے باعث ان آسامیوں کو پرْ کرنے کیلئے موثرحکمت عملی نہیں بنائی جاسکی اور3سالوں سے ہیڈ ماسٹرز، ہیڈمسٹریسز اور پرنسپلز کی جگہ جونیئر اساتذہ سے کام چلایا جارہا ہے جس سے ان سکولوں میں پڑھنے وایل ہزاروں بچوں کی پڑھائی متاثر ہورہی ہے۔خدیجہ فاروقی نے کہا کہ یہ امر انتہائی دلچسپ ہے کہ محکمانہ ترقی کے ذریعے ان آسامیوں کو پْر کرنے کیلئے کسی فنڈز یا اخراجات کی ضرورت نہیں لیکن اس کے باوجود بھی محکمانہ ترقی کے ذریعے ان خالی آسامیوں کو پر کرنے میں غفلت کا مظاہر ہ کیا جارہا ہے انہوں نے کہا کہ پنجاب اسمبلی کے ایوان کو بتایا جایا کہ پنجاب بھر میں ہائی و ہایئر سیکنڈری سکولوں میں3سالوں سے خالی آسامیوں کا ذمہ داران کون ہیں اوران 1300خالی آسامیوں پر کب تک تعیناتیاں عمل میں آجائیں گی۔جبکہ تحریک انصاف کی رکن پنجاب اسمبلی سعدیہ سہیل رانا نے ایک تحریک التوائے کار پنجاب اسمبلی میں جمع کروا دی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ نجی اخبار کی خبر کے مطابق پنجاب بھر کے 1300 سے زائد ہائی و ہائیر سیکنڈری سکولز میں تین سالوں سے ہیڈ ماسٹر، ہیڈ مسٹریس اور پرنسپل کی اسامیاں خالی، جونیئر اساتذہ کے ذریعے کام چلایا جارہا، ہزاروں طلبہ کی پڑھائی شدید متاثر ہورہی ہے۔ محکمانہ ترقی کے ذریعے ان اسامیوں کو پر کرنے میں کسی فنڈ یا اخراجات کی ضرورت نہیں، سکیل 20 کی تین سو اسامیوں پر من پسند جونیئر تعینات، ڈویڑنل ڈائریکٹر کی 72 اور سکیل 17 اور 18 کی 1300 اسامیاں خالی ہیں۔