پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں مسلسل بڑھنے سے پیداواری لاگت بڑھنے سے ترقی کا اثر ماند پڑ رہاہے ‘ پیاف

 
0
310

لاہور فروری 2(ٹی این ایس)پاکستان انڈسٹریل اینڈ ٹریڈرز ایسوسی ا یشن فرنٹ(پیاف ) نے پٹرولیم مصنوات کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کو یکسر مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ قیمتوں میں اضافے سے معیشت کو فائدہ کی بہتری کی بجائے نقصان پہنچتا ہے، اگر انٹرنیشنل مارکیٹ میں تیل کی قیمتیں بڑھ رہی ہیں تو اسکا اضافہ صارفین کو منتقل کرنے کی بجائے پٹرولیم مصنوعات پر ڈیوٹیاں اور ٹیکس کم کر کے صارفین کو ریلیف دیا جائے تاکہ معاشی ترقی کا اثر زائل نہ ہو۔ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ اشیاء و پیداوار کی لاگت میں اضافے کا باعث بنتا ہے جو صنعتکاروں اور تاجروں پر مزید بوجھ ہوگا جو کہ کاسٹ آف ڈوئنگ بزنس زیادہ ہونیکی وجہ سے پہلے ہی پریشان ہیں۔حکومت فی الفور قیمتوں میں اضافے کا نوٹیفیکیشن واپس لے ۔ چیئرمین عرفان اقبال شیخ ،سنیئر وائس چیئرمین تنویر احمد صوفی اور وائس چیئرمین خواجہ شاہ زیب اکرم نے کہاکہ پیٹرولیم مصنوعات صنعت و تجارت میں بنیادی حیثیت رکھتی ہیں ان کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ مختلف شعبہ جات میں گہرا اثر ڈالتا ہے۔انہوں نے کہا کہ اشیاء کی ایک جگہ سے دوسری جگہ منتقلی ،مصنوعات کی ترسیل اور کارگو سیکٹر میں کرایوں میں اضافہ ہونے سے خام مال اور اشیاء مہنگی ہو جاتی ہیں جس سے صنعت کار، تاجر برادری اورعام لوگ متاثر ہو تے ہیں اور عالمی منڈی میں بھی پاکستانی مصنوعات کی مسابقتی صلاحیت میں کمی ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت برآمات کو بڑھانے میں کوشاں ہے جس وجہ سے ملک میں اقتصادی اصلاحات کا عمل جاری ہے جس سے معیشت میں قدرے بہتری آرہی ہے مگر پچھلے چار ماہ سے فیول کی قیمتیں مسلسل بڑھنے سے ترقی کا اثر ماند پڑ جاتا ہے۔پیاف کے عہدیداران نے وزیر اعظم اور فنانس اور پٹرولیم منسٹر سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کے حالیہ اضافہ کو فی الفور واپس لیا جائے تاکہ صنعت کاروں ، تاجر برادری کو پیداواری لاگت میں مزید اضافے کا سامنا نہ کرنا پڑے۔