فاروق ستار پارٹی کے کارکن ہیں،پارٹی میں کام کریں،خالد مقبول

 
0
507

کراچی،فروری 12 (ٹی این ایس):متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی کی حمایت سے پارٹی کنوینر بننے والے خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ فاروق ستار پارٹی کے کارکن ہیں،وہ دوبارہ کام کریں تو شائد پارٹی کے سربراہ بھی بن جائیں۔
نجی ٹی وی سے گفتگو میں خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ فاروق بھائی کو لگتا ہے کہ کنوینر کے اختیار کم ہیں تووہ آئیں اور ڈپٹی کنوینر بنیں۔انہوں نے کہا کہ کئی بارفاروق بھائی سے کامران ٹیسوری سے متعلق پوچھا تھا، ان سے پوچھا کہ آخر کامران ٹیسوری کو لینے کی کیا مجبوری ہے؟۔خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ سینیٹ کا ٹکٹ مسئلہ نہیں تھا، کامران ٹیسوری کوفاروق ستار نے ڈپٹی کنوینر بنوایا، پارٹی کی اکثریت نے کامران ٹیسوری کو ڈپٹی کنوینر بنانے کی مخالفت کی تھی، فاروق بھائی نے کہا ٹیسوری کو ڈپٹی کنوینر نہ بنایا تو پارٹی چھوڑ دوں گا۔انہوں نے بتایا کہ انہوں نے فاروق ستار سے کہا کہ ٹکٹ جس کودینا ہے دے دیں مگرپارٹی کواس طرح نہ چلائیں۔
ایم کیو ایم کے کنوینر نے یہ بھی کہا کہ فاروق ستار نے کامران ٹیسوری کو ڈپٹی کنوینر نہیں کنوینر بنایا تھا، پارٹی کے لوگوں کا کہنا تھا کہ فاروق بھائی کے اختیارات ٹیسوری کی جیب میں ہیں۔خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ فاروق ستار پارٹی کے کارکن ہیں وہ دوبارہ آئیں گے تو شائد دوبارہ سربراہ بن جائیں، اگرفاروق بھائی کو لگتا ہے کہ کنوینر کے اختیار کم ہیں تووہ آئیں اور ڈپٹی کنوینر بنیں۔فاروق ستار کی جانب سے انٹراپارٹی الیکشن کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ 17 فروری کو ہونے والا اجلاس ایم کیو ایم کا نہیں۔