محکمہ خوراک کے چالیس سے زائد آفیسر اور اہلکاروں کو مختلف الزامات کے تحت معطل

 
0
538

کوئٹہ ، فروری 13 (ٹی این ایس):بلوچستان حکومت نے محکمہ خوراک کو بدعنوان آفیسران اور اہلکاروں سے پاک کرنے کا فیصلہ کرلیا ،محکمے کے چالیس سے زائد آفیسر اور اہلکاروں کو مختلف الزامات کے تحت معطل کردیا گیا ہے اور ان کے خلاف محکمانہ کارروائی جاری ہے، یہ بات سیکرٹری خوراک نور احمد پرکانی نے نجی ٹی وی کو بتائی انہوں نے بتایا کہ چالیس سے زائد آفیسران اور اہلکاروں کو معطل کئے جانے کے علاوہ محکمہ خوراک کے بدعنوان آفیسروں کے خلاف تین سے زائد کیس نیب عدالت میں زیر سماعت ہیں اور تقریباً اتنے ہی کیسوں پرنیب حکام تفتیش کررہی ہے۔

نور احمد پر کانی نے بتایا کہ محکمہ خوراک نے روان مالی سال میں دس لاکھ بوری گندم خریدی ہے جو محکمہ خوراک کے گوداموں میں محفوظ ہے جس کی تصدیق متعلقہ اضلاع کے ڈی سی سے کرائی جاتی ہے جبکہ محکمہ کے آفیسران پر مشتمل ٹیمیں بھی اسٹاک کی موجودگی کی تصدیق کرچکے ہیں ،،سیکرٹری خوراک نے بتایا کہ محکمہ نے صوبائی کابینہ کی ہدایت کے مطابق گندم صوبے کے فلور ملز کو رعایتی نرخوں پر دینے کا فیصلہ کیاہے اور سو کلو گندم کی بوری 3150 روپے میں دی جائے گی ۔