بلوچستان کے عوام بھارت کی ملک دشمن سازش کو کسی طور بھی کامیاب نہیں ہونے دینگے ،سربراہ پاکستان سنی تحریک 

 
0
296

کراچی، فروری 15 (ٹی این ایس): سربراہ پاکستان سنی تحریک محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ بھارت بلوچستان کی ترقی و خوشحالی کا دشمن اور دہشتگردی میں ملوث ہے ،کوئٹہ میں ایف سی اہلکاروں کو نشانہ بناکر ایک بار پھر بلوچستان میں آگ وخون کی ہولی کھیلنے کی کوشش کی گئی ہے ،راکے ایجنٹ بے گناہ شہریوں اور سیکیورٹی اہلکاروں کو نشانہ بنارہے ہیں جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے ،بلوچستان کے عوام محب وطن ہیں حکومت منفی پالیسیوں کو فوری ختم کرئے ،ہتھیار رکھ کر قومی دھارے میں شریک ہونے والوں کو سلام پیش کرتے ہیں ،بھارت بلوچستان میں علیحدگی پسند تحریک چلانے میں ناکام ہوچکا ہے ،بلوچستان کے عوام بھارت کی ملک دشمن سازش کو کسی طور بھی کامیاب نہیں ہونے دینگے ،وفاقی وصوبائی حکومت بلوچستان کے مسائل کے حل اور مایوسیوں کے خاتمے کیلئے اقدامات کرئے ،بلوچستان کے عوام کی سوچ ومنشاء کے مطابق حقوق مہیا کئے جائیں ،بلوچستان میں آج بھی غیر اعلانیہ 12گھنٹے کی لوڈشیڈنگ ہورہی ہے ،ضلع نصیر آباد ،جعفر آباد ،صوبت پور ،جھل مگسی میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ فوری ختم کی جائے ،دہشتگردی کے خلاف بلوچستان میں پاک فوج نے بڑی کامیابیاں حاصل کی ہیں ،دہشتگردی کی کمر ٹوٹ چکی ہے بھارتی ہاتھ کو کمزور کردیا گیا ہے پاک فوج کی قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہیں ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکز اہلسنت پر بلوچستان کے صدر محمد علی جتک اور سندھ کے صدر نور احمد قاسمی سے ملاقات میں کیا اس موقع پر علی بلوچ حافظ نذر علی قادری ،اللہ رکھیہ بنگلزئی ،سید حبیب شاہ جیلانی ،محمد الیاس گبول ودیگر موجود تھے ،ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ پاکستان سنی تحریک بلوچستان کے عوام کے ساتھ ہے کارکنان عوامی رابطہ مہم تیز کردیں اور عوامی مسائل کے حل کیلئے کردار ادا کریں ،انہوں نے کہا کہ بلوچوں کے حقوق کے حصول کیلئے آواز بلند کرتے رہینگے ، بلوچستان کے منتخب چیئرمین اور کونسلرز آج تک کوئی اعزازیہ اور خاطر خواہ فنڈز مہیا نہیں کئے گئے ،بلدیاتی نمائندوں کو اعزازیہ اور مزید فنڈز جاری کئے جائیں ،انہوں نے کہا کہ حکومت میڈ ان پاکستان پالیسیاں مرتب کرئے ،نفرتوں اور مایوسیوں کے خاتمے کیلئے حکومت اور تمام سیاسی ومذہبی جماعتوں کو کردار ادا کرنا ہوگا۔