ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن اور پیرا میڈیکل اسٹاف فیڈریشن بلوچستان نے مطالبات منظور نہ ہونے کیلئے 24گھنٹے کی ڈیڈ لائن دیدی 

 
0
972

ہسپتالوں میں سہولیات فراہم کی جائیں بصورت دیگر وزیراعلی ہاؤس کے باہر دھرنا دیں گے ،ڈاکٹر یاسر خوستی اور فضل محمد کی پریس کانفرنس
کوئٹہ، فروری 21 (ٹی این ایس):
ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن بلوچستان کے صدر ڈاکٹر یاسر خوستی اور پاکستان پیرا میڈیکل اسٹاف فیڈریشن بلوچستان کے صدر فضل محمد نے سول ہسپتال میں ایم آرآئی ،انڈوسکوپی ،لیپروسکوپی ،مشینوں کی فراہمی ہسپتالوں میں مریضوں کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے اقدامات ،پیرا میڈیکل اسٹاف فیڈریشن کے منظور شدہ مطالبات پر عملدرآمد کیلئے 24گھنٹے کی مہلت دیتے ہوئے کہاہے کہ اگر انکے مطالبات پر عملدرآمد نہیں ہوا تو صوبے کے ہیڈ کوارٹرہسپتال ،ٹیچنگ ہسپتال ،بی ایچ یوز میں روزانہ کی بنیاد پر احتجاجی مظاہرے کئے جائیں گے جبکہ 6مارچ تک مطالبات نہ مانے گئے تو وزیراعلی ہاؤس کے سامنے دھرنا دے دیں گے ۔

یہ بات انہوں نے بدھ کو سول ہسپتال کوئٹہ کے کیفے ٹیریا میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی ۔ینگ ڈاکٹر ز ایسوسی ایشن کے صدر ڈاکٹر یاسر خوستی نے کہاکہ وائے ڈی اے اور پیرا میڈیکل اسٹاف فیڈریشن صحت کی بہتر سہولیات کی فراہمی کیلئے آواز بلند کرتی آئی ہے ہمارے احتجاج کے باعث گزشتہ حکومت میں محکمہ صحت میں بہتری تو آئی لیکن اب بھی یہ سہولیات ناکافی ہیں ۔انہوں نے کہاکہ سرکاری ہسپتالوں میں سیاسی مداخلت کو ختم کیا جائے سول ہسپتال کوئٹہ میں ایم آرآئی ،انڈوسکوپی ،لیپروسکوپی ،مشینیں فراہم کی جائے سول ہسپتال میں اینجیو گرافی کی فیس 5ہزار سے کم کرکے 5سو روپے مقرر کی جائے شعبہ قلب کے مریضوں کیلئے معیاری اور مفت اسٹنٹ فراہم کئے جائیں سرکاری ہسپتال میں کی لیبارٹریوں میں جدید مشینری کے انتظامات کئے جائیں ۔انہوں نے کہاکہ سرکاری ہسپتالوں میں ایمرجنسی ،الٹرا ساؤنڈ ،ڈیجیٹل ایکسرے کی سہولت کو یقین بنایا جائے اور ساتھ ہی او پی ڈی ایکسرے کیلئے ایکسرے فلم ہنگامی بنیادوں پر فراہم کی جائے ۔

پیر امیڈیکل اسٹاف فیڈریشن کے صوبائی فضل محمد نے کہاکہ پیرامیڈیکس طبقاتی عداوت کا شکار بنے ہوئے ہیں مئی 2016ء میں صوبائی حکومت کیساتھ کامیاب مذارکرات کے بعد 2جون کو ایگزیکٹیو آرڈ تو جاری ہوالیکن تاحال اس پر عمل نہیں ہورہاہم نے وزیراعلی بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو کو عوامی اقدامات کو دیکھتے ہوئے انہیں خط کی صورت میں اپنی گزارشات بھیجی ہیں جن میں ہیلتھ پروفیشنل الاؤنس ،رسک الاؤنس کی فراہمی ،ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کی 6سو منظور شدہ پوسٹوں کو پبلک سروس کمیشن کے ذریعے تشہیر کرنے ہاؤس آفیسرز ،پوسٹ گریجویٹز ،ڈاکٹرز کے ماہانہ وظائف میں اضافہ اور بروقت ادائیگی کے مطالبات شامل ہیں ۔انہوں نے کہاکہ ہم حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ ہماری مانگوں پر 24گھنٹے کے اندر عملدرآمد کیا جائے بصورت دیگر وائے ڈی اے اور آل پاکستان پیرامیڈیکل اسٹاف فیڈریشن بلوچستان صوبے کے ہسپتالوں میں سیاہ بینرز آویزاں کرینگے اور روزانہ کی بنیاد پر احتجاجی مظاہرہ کرینگے اگر تب بھی شنوائی نہ ہوئی تو 6مارچ کو وزیراعلی ہاؤس کے سامنے دھرنا دینگے جس کی تمام تر ذمہداری صوبائی حکومت پر عائد ہوگی ۔