امن اور برداشت کے کلچر کو ڈائیلاگ کے ذریعے ہی فروغ دیا جا سکتا ہے،خلیل طاہر سندھو 

 
0
370

لاہور، فروری 21 (ٹی این ایس):صوبائی وزیر انسانی حقوق و اقلیتی امور خلیل طاہر سندھو کی لاہور کے ایک نجی ہوٹل میں انٹر فیتھ پیس کے حوالے سے فیسز آف پاکستان کے زیر اہتمام ایک خصوصی پروگرام میں شرکت ۔ تقریب میں تمام مذہبی مسالک کے درمیان امن اور برداشت کے کلچر کو فروغ دینے ، بنیادی انسانی حقوق کو تحفظ ،تمام نوجوانوں کو برابری کے حقوق، خواتین کی ہر ادارے میں خدمات جیسے موضوعات کے بارے میں روشنی ڈالی گئی۔

صوبائی وزیر خلیل طاہر سندھو نے اپنے خطاب کے دوران امن اور برداشت کے کلچر کے فروغ میں علمائے کرام ،پادری صاحبان،سکھ سردار اور بالخصوص فیسز آف پاکستان کے کردار کو سراہتے ہوئے تمام لوگوں کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ ہر جنگ کا اختتام ہمیشہ سے ڈائیلاگ پر ہی ہوتا ہے اور آپ سب حضرات بالخصوص آج کی نوجوان نسل نے اس کو ابتداء میں ہی لاکر ایک لائق تحسین کاوش کی ہے اور ضرورت اس امر کی ہے کہ ایسے اقدامات کو صرف لاہور میں ہی نہیں بلکہ تمام شہروں میں بڑھانے کی ضرورت ہے۔تقریب سے فیسز آف پاکستان کے صدر جاویدد ولیم نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امن اور برداشت کو فروغ دینے کیلئے ایک سالہ پروگرام ترتیب دیاگیا تھا،جس میں لاہور کی تمام بڑی یونیورسٹیز کے نوجوانوں نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا اور تما م مذاہب سے تعلق رکھنے والے نوجوانوں کے درمیان تقاریری مقابلوں کا انعقاد،کھیلوں کے مقابلے،آرٹ پینٹنگ جیسے مقابلوں پر زور دیا گیا ۔

صوبائی وزیر نے تقریب کے اختتام پر شرکاء کو خوشخبری سنائی کہ وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے انٹرفیتھ ایڈوائزری کمیشن کا باقاعدہ نوٹیفیکیشن جاری کر دیا ہے اور اب محکمہ انسانی حقوق و اقلیتی امور کی زیر نگرانی یہ کمیشن اپنی خدمات احسن طریقے سے سر انجام دے سکے گا۔تقریب میں ایک سالہ پروگرام میں شاندار کارکردگی دکھانے والے نوجوانوں کے مابین تعریفی اسنادکی تقسیم کی گئی۔تقریب میں ایم پی اے حنا پرویز بٹ،ڈپٹی ایمبیسیڈر آف نیدرلینڈ جوسیفین فرانٹزن،پریزیڈنٹ فیسز آف پاکستان جاوید ولیم،علمائے کرام،پادری صاحبان، سکھ سردار اور مختلف یونیورسٹیز کے نوجوانوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔