پنجاب اسمبلی اجلاس میں مبینہ حکومتی کرپشن پر اپوزیشن اور حکومتی ارکان کی نعرے بازی ،ایوان نے مچھلی منڈی کا منظر پیش کیا

 
0
422

لاہور ، فروری 27 (ٹی این ایس): پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں مبینہ حکومتی کرپشن پر گفتگو کرنے پر اپوزیشن اور حکومتی ارکان کی ایک دوسرے کے خلاف نعرے بازی ،ایوان مچھلی منڈی کا منظر پیش کرنے لگا ، قائد حزب اختلاف میاں محمود الرشید نے کہا کہ قائد ایوان اجلاس میں آ کر ملتان میٹرو اور دیگر میگا پراجیکٹس میں ہونے والی کرپشن کا جواب دیں ، ڈپٹی سپیکر نے کہا کہ اس پر 50مرتبہ بات ہو چکی ہے مزید بات نہیں ہو سکتی،اپوزیشن کے شور میں ڈپٹی سپیکر نے تمام سوالات نمٹا دیئے اور بقیہ ایجنڈا مکمل کیے بغیر اجلاس آج تک ملتوی کردیا ۔
پنجاب اسمبلی کا اجلاس گزشتہ روز بھی اپنے مقررہ وقت کی بجائے 50منٹ کی تاخیر سے ڈپٹی اسپیکر سردار شیر علی خان گورچانی کی صدارت میں شروع ہوا ۔اجلاس میں کے آغاز پر ہی قائد حزب اختلاف میاں محمود الرشید نے نکتہ اعتراض پر بات کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کو خط لکھا گیا ہے کہ فیصل سبحان کے اکاؤنٹ سے کسی فیک کاؤنٹ میں دو ارب روپے ٹرانسفر کئے گئے ہیں۔یہ رقم شہباز شریف کی تھی، وزیر اعلیٰ اس بات کی وضاحت خود ایوان میں آ کر کریں۔انہوں نے کہا کہ ملتان میٹرو بس منصوبہ شہباز شریف کے لئے پانامہ ثابت ہو گا اس میں اربوں کی مالی بے ضابطگیاں ہو ئی ہیں ۔اپوزیشن لیڈر کی تقریر کے دوران حکومت اور اپوزیشن دونوں جانب سے ایک دوسر ے کے خلاف نعرے بازی کرتے رہے۔ڈپٹی سپیکر نے نکتہ اعتراض کے جواب میں کہا کہ میٹرو پر ایوان میں تقریباً 50مرتبہ بحث ہو چکی ہے مزید اس پر بات نہیں ہو سکتی، مجھے وقفہ سوالات کا آغاز کرنے دیں ۔ جس پر اپوزیشن کے ارکان اسلم اقبال ،عارف عباسی سمیت دیگر اپنی نشستوں پر کھڑے ہو گئے اور احتجاج شروع کردیا ۔ڈپٹی اسپیکر نے عارف عباسی کو مشروط اجازت دینے کی پیشکش کی جس پر تمام اپوزیشن ممبران سپیکر ڈائس کے سامنے آ کر نعرے بازی کرنے لگے۔دونوں جانب سے شدید نعرے بازی سے ایوان مچھلی منڈی کا منظر پیش کرنے لگا ۔
ڈپٹی سپیکر نے اس دوران وقفہ سوالات کا آغاز کردیا اور اپوزیشن کے شور شرابے میں تمام سوالات نمٹا دیئے جبکہ حکومتی ممبران نگہت شیخ اور وحید گل کے سووالات موخر کر دئے ۔ ، اپوزیشن کا احتجاج جاری تھا کہ ڈپٹی اسپیکر نے اجلاس کا بقیہ ایجنڈا مکمل کئے بغیر اجلاس آج صبح تک ملتوی کردیا۔جس پر اپوزیشن ارکان کی کی طرف سے ایوان سے باہر آکر پنجاب اسمبلی کے احاطہ میں احتجاج شروع کر دیا اور نعرے بازی کی گئی ۔ اس موقع پر اپوزیشن لیڈر میاں محمود الرشید نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ فیصل سبحان نے ملتان میٹرو میں کرپشن کا انکشاف کیا ہے اور حکومت نے پچھلے تین ماہ سے فیصل سبحان کو غائب کردیا ہے ،ملتان میٹرو میں اربوں روپے کے کک بیک اور کرپشن کی گئی ،شہبازشریف جو کہتا ایک پائی کی نہیں اربوں روپے کی کرپشن کی ہو ،شہبازشریف کیلئے ملتان میٹروپانامہ ثابت ہو گی شہبازشریف اپنی پوزیشن ایوان میں آکر بتائیں ،کانوں کان خبر نہیں ہونے دیتے راتوں رات کرپشن کرتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ احد چیمہ نے اربوں روپے سے ان کی تجوریاں بھریں اس کو سروس رولز مطابق فارغ کیاجاتا لیکن اسے بدعنوان کرپٹ شخص کو پرموٹ کردیاجاتاہے، جب تک شہبازشریف پوری تفصیلات نہیں بتاتے چین کے ایس ای سی پی کا خط بھیجا ہے اور چیف جسٹس آف پاکستان نیب سے ازخود نوٹس کی اپیل کرتے ہیں ۔جو ادارے کرپشن کے خلاف کام کررہے ہیں ان کے پیچھے کھڑے ہیں ہماری جدوجہد اسمبلیوں کے اندر اور باہر جاری رہے گی ۔نقطہ اعتراض پر بات نہیں کرنے دی گئی کب تک اسمبلی اجلاس برخاست کرتے رہیں گے بھاگنے نہیں دیں گے شہبازشریف کو نیب دوبارہ بلائے گی،نوازشریف پانامہ اور شہبازشریف میٹروملتان میں فارغ ہوں گے۔