سینیٹ انتخابات سے متعلق سندھ میں پولنگ کیلئے ضابطہ اخلاق جاری 

 
0
304

کراچی ،فروری 27 (ٹی این ایس): سینیٹ انتخابات سے متعلق سندھ میں پولنگ کے لئے ضابطہ اخلاق جاری کردیا گیا۔ منگل کو صوبائی الیکشن کمشنر محمد یوسف خٹک نے سندھ اسمبلی کا دورہ اور سیکریٹری صوبائی اسمبلی سے ملاقات کی صوبائی الیکشن کمشنر نے سینیٹ الیکشن کے حوالے سے مجوزہ پولنگ اسٹیشن پر انتظامات کا جائزہ لیا اور بعض ہدایات جاری کیں۔ واضح رہے کہ سینیٹ انتخابات کے لئے پولنگ 3مارچ کو ہوگی جو صبح 9سے شام 5بجے تک جاری رہے گی۔
سیکریٹری سندھ اسمبلی عمر فاروق برڑو نے بتایا کہ پولنگ کے روز سندھ اسمبلی کے اطراف سیکیورٹی کے سخت انتظامات ہونگے۔ سیکورٹی کے لئے پولیس سمیت متعلقہ حکام کو خط لکھ دیئے ہیں۔ پولنگ کے روز ووٹرز (ارکان اسمبلی) کو پولنگ بوتھ میں موبائل فون لانے کی اجازت نہیں ہوگی۔ انہوں نے بتایا کہ سندھ اسمبلی ہال کے سی سی ٹی وی کیمرے بند ہونگے۔ الیکشن کمیشن2 مارچ کی سہ پہر سے سندھ اسمبلی کاکنٹرول سنبھال لے گا۔ پولنگ اسٹیشن کے اندراسمبلی اسٹاف کے داخلے پر بھی پابندی ہوگی۔