فیول کی قیمتوں میں اضافہ واپس لیکر قیمتوں میں کمی کر کے بزنس کمیونٹی کو ریلیف دیا جائے‘ پیاف

 
0
501

لاہور مارچ 1( ٹی این ایس) پاکستان انڈسٹریل اینڈ ٹریڈرز ایسوسی ایشنز فرنٹ (پیاف) نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل پانچویں بار اضافے پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ فیول کی قیمتوں میں بار بار اضافے سے صنعت و تجارت سے وابستہ تمام شعبہ جات پہلے ہی بری طرح متاثر ہیں ،عالمی سطح پر خام تیل کی قیمتیں کم ہونے کے باوجود پٹرولیم مصنوعات کی قیمتین بڑھانازیادتی ہے ،حکومت پٹرولیم مصنوعات کی مد میں اصل قیمت پر 70فیصد تک ٹیکس وصول کر رہی ہے جو دنیا بھر میں انتہائی بلند سطح کی شرح رکھنے والے چند ملکوں میں سے ایک ہے اس کے باوجود قیمتوں میں بتدریج اضافہ سمجھ سے بالا تر ہے ۔چیئرمین پیاف عرفان اقبال شیخ ، سینئر وائس چیئرمین تنویر احمد صوفی اور وائس چیئرمین خواجہ شاہزیب اکرم نے رد عمل جاری کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو ریلیف دینے کی بجائے فیول کی قیمتیں بڑھانا ناانصافی ہے حکومت اگر حقیقی معنوں میں عوام کو ریلیف دینا چاہتی ہے تو پیٹرولیم مصنوعات مہنگی کرنے کی بجائے ڈیوٹیز اور ٹیکسز کی شرح کم کرے، غیر پیداواری اخراجات میں کمی لائی جائے تاکہ پیداواری لاگت اور مہنگائی کم ہو سکے
اشیاء کی ایک جگہ سے دوسری جگہ منتقلی ،مصنوعات کی ترسیل اور کارگو سیکٹر میں کرایوں میں اضافہ ہونے سے خام مال اور اشیاء مہنگی ہو جاتی ہیں جس سے صنعت کار، تاجر برادری اورعام لوگ متاثر ہو تے ہیں۔انہوں نے کہا کہ فیول کی قیمتین بڑھنے سے بجلی کی قیمت بھی بڑھ جاتی ہے اورمہنگی بجلی ،مہنگی پیدوار کا باعث ہے جس سے ملک میں ہوشربا مہنگائی میں اضافہ ہورہا ہے جس کی وجہ سے پاکستان عالمی منڈی میں دوسرے ممالک کا مقابلہ نہیں کرسکتا ۔جس کی وجہ سے صنعتکاروں کو مالی نقصان کے ساتھ ساتھ حکومت کے ریونیو میں بھی کمی واقع ہورہی ہے ۔پیاف عہدیداران نے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ فیول کی قیمتوں میں اضافہ واپس لیکر قیمتوں میں کمی کی جائے۔