آل پاکستان بزنس فورم نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ مسترد کر دیا

 
0
377

لاہور مارچ 3(ٹی این ایس)آل پاکستان بزنس فورم کے صدر ابراہیم قریشی نے گزشتہ سات ماہ کے دوران پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 18 روپے فی لیٹر سے زائد کے اضافہ پر حکومت پر کڑی تنقید کرتے ہوئے اسے ملکی معیشت کے لئے بدقسمتی قرار دیا ہے۔اپنے ایک بیان میں انہوں نے مسلسل ساتویں بار پٹرولیم کی قیمتوں میں اضافہ کو مسترد کر دیا جس کے باعث ستمبر 2017ء سے مارچ 2018ء تک سات مہینوں کے دوران پٹرول کی قیمت میں 25 فیصد سے زائد اضافہ ہوا اور اس کی قیمت 70 روپے سے 88 روپے فی لیٹر تک پہنچ گئی جو پیداواری لاگت میں اضافہ کا باعث بن رہی ہے۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ اگست 2017ء میں آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی نے اگست کے مہینے کے لئے حکومت کو پٹرول اور ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت میں بالترتیب 3.67 روپے اور 5.07 روپے کمی کی سفارش کی تھی لیکن اس کا فائدہ عوام تک پہنچانے کی بجائے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں پچھلی سطح پر برقرار رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں حکومت نے بھاری ٹیکسوں کے نفاذ کے ذریعے پٹرولیم مصنوعات کی کم قیمتوں کے مکمل فوائد عوام تک نہیں پہنچائے۔ اب وقت ہے کہ ڈیوٹیز میں کمی کی جائے اور بین الاقوامی مارکیٹ میں بڑھتی ہوئی پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے بوجھ کو ختم کرنے کے لئے قیمتوں کو مستحکم رکھا جائے۔