شریفوں کی اسٹیل مل نفع کما رہی ہے اور پاکستان اسٹیل مل بند پڑی ہے،ایمانداری سے ادارے چلائے جائیں تونجکاری کی ضرورت نہیں ہوتی،چیئرمین پاکستان تحریک انصاف

 
0
771

کراچی مارچ 4(ٹی این ایس)پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے لاہورکو دنیا کا سب سے آلودہ شہر قراردیتے ہوئے کہاہے کہ یہ کتنا بڑاالمیہ ہے لاہور کے70 فیصد لوگوں کو صاف پانی میسر نہیں ہے، پاکستان میں امیر اور غریب میں فرق بڑھتا جارہا ہے،پاکستان میں صرف کچھ لوگوں کے لیے ہی سہولتیں موجود ہیں، پاکستان تحریک انصاف کی پہلی کوشش ہوگی کہ غربت کم ہو، حکومت ختم ہونے میں تین ماہ رہ گئے ہیں، اس لیے حکومت کے پاس پی آئی اے کی نجکاری کا اختیار نہیں ہے،شریفوں کی اسٹیل مل نفع کما رہی ہے اور پاکستان اسٹیل مل بند پڑی ہے،ایمانداری سے ادارے چلائے جائیں تونجکاری کی ضرورت نہیں ہوتی،
اگلی حکومت پاکستان تحریک انصاف کی ہوگی، ملک میں اداروں کی تباہی کا سبب کرپشن ہے،جب تک کراچی میں پولیس ٹھیک نہیں ہوگی لا اینڈ آرڈر ٹھیک نہیں ہوگا۔انہوں نے کہاکہ کراچی میں سارا مسئلہ لوکل گورنمنٹ کا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو کراچی ایئرپورٹ پر کارکنان اور مقامی ہوٹل میں ڈاکٹرزفورم کی جانب سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان اتوارکودو روزہ دورے پرکراچی پہنچے، تحریک انصاف کے رہنماؤں سابق وزیر اعلیٰ سندھ لیاقت علی جتوئی،کراچی کے صدر فردوس شمیم نقوی،سینئررہنما عمران اسماعیل اورحلیم عادل شیخ سمیت کارکنان کی ایک بڑی تعداد نے ان کا کراچی ایئرپورٹ پرپرجوش استقبال کیا۔پی ٹی آئی چیئرمین نے ملین ٹری شجرکاری مہم کے تحت ایئرپورٹ کے باہر پودا لگایا۔ عمران خان نے کہا کہ جب ملک میں انسانیت کا نظام ہو تو اللہ کی برکت آتی ہے ۔ ہمارے ملک میں ذرائع زیادہ ہیں لیکن یہاں غربت زیادہ ہے، مغربی ممالک میں لوگ جانوروں کو بھی انتہائی بہتر طریقے سے علاج کی سہولیات دیتے ہیں۔ آئندہ الیکشن میں حکومت تحریک انصاف کی ہوگی۔حکومت بنانے پرپی آئی اے کے سسٹم کو دوبارہ بنائیں گے،پی آئی اے کو ہم ٹھیک کرینگے،پی آئی اے کو ایسی ائیر لائن بنائیں گے جس پر سب کو فخرہو گا،ایمیریٹس ائیر لائن پی آئی نے بنائی تھی۔دنیا میں کہیں بھی قومی اثاثوں کی نجکاری نہیں کی جاتی۔ ہم پی آئی اے کی ری اسٹرکچرنگ کریں گے، نجکاری نہیں کریں گے، ہماری پارٹی پی آئی اے سے سیاسی مداخلت ختم کرے گی اور اسے کامیاب ایئرلائن بنائے گی۔انہوں نے کہاکہ نجکاری سوچ سمجھ کر کی جاتی ہے،ملک کی اسٹیل مل بند پڑی ہے جبکہ شریفوں کی جدہ میں اسٹیل ملز اربوں کماتی ہے۔قومی اثاثوں کو بیچا نہیں جاتا، خیبرپختونخواہ میں خیبر بینک کو پرائیویٹائز نہیں کیا ،اگر ایمانداری سے اداروں کو چلائے تو وہ نفع دیتا ہے۔اقتدار میں آنے کے بعداداروں میں سیاسی مداخلت ختم کرینگے۔انہوں نے کہاکہ پاکستان کے 90 فیصد عوام کو انصاف تک رسائی نہیں ہے۔عمران خان نے کہا دنیا بھر میں کینسر کا علاج انتہائی مہنگا ہے، مجھے والدہ کو کینسر ہونے کے بعد پتہ لگا کہ پاکستان میں کوئی کینسر کا اسپتال ہی نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ جب ان کی خیبرپختونخواہ میں حکومت آئی تو انہوں نے سب سے پہلے صوبے کے اسپتالوں کو ہی ٹھیک کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔کے پی کے میں ہمیں ہسپتالوں کی حالت ٹھیک کرنے میں شدید مسائل کا سامنا کرنا پڑا ، ہم جب بھی ہسپتالوں کی حالت سدھارنے کیلئے کام کا آغاز کرتے تو وفاق کی جانب سے رکاوٹیں کھڑی کر دی جاتیں، مگر اس کے باوجود ہم نے فلاحی کاموں کا سلسلہ جاری رکھا ، کے پی کے میں ہسپتالوں کی حالت انتہائی بہتر ہے اور اسے مزید بہتر بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹروں کو پرائیویٹ پریکٹس کیلئے ہسپتالوں کے اندر ہی جگہ فراہم کی گئی ہے تاکہ وہ لوگوں کو بہترین علاج کی سہولیات فراہم کر سکیں۔عمران خان نے کہاکہ شہباز شریف کے پاس 9 ہزار ارب کا بجٹ تھا، لیکن انہوں نے ایک بھی نیا اسپتال نہیں بنایا۔پاکستان میں سب سے زیادہ دہشت گردی خیبرپختونخوا میں تھی، آج 70 فیصد دہشت گردی اوردیگر جرائم میں کمی ہوئی ہے، انہوں نے کہا کہ جب تک کراچی میں پولیس ٹھیک نہیں ہوگی لا اینڈ آرڈر ٹھیک نہیں ہوگا۔انہوں نے کہاکہ کراچی میں سارا مسئلہ لوکل گورنمنٹ کا ہے، وزیراعلی نے نچلی سطح تک اختیارات منتقل نہیں کیے، انہوں نے کہا کہ تبدیلی کے لیے آئندہ انتخابات میں آپ کے پاس اچھا موقع ہے، دہشت گردی کی سیاست ختم ہوگئی ہے۔پی ٹی آئی کے چیئرمین نے کہا کہ پنجاب میں سارے پرانے جنگل ختم ہوگئے ہیں۔