چیئرمین پرائس کنٹرول کمیٹی کاسبزہ زار کی اوپن مارکیٹوں میں گراں فروشوں کیخلاف کریک ڈاؤن

 
0
465

لاہور مارچ 4(ٹی این ایس)چیئرمین پرائس کنٹرول کمیٹی میاں عثمان نے سبزہ زار کی اوپن مارکیٹوں کا تفصیلی دورہ کر کے گراں فروشی اور کم تولنے پر 4دکانداروں کے خلاف ایف آئی آر کا اندراج ،6کو بھاری جرمانے جبکہ ریٹ لسٹ نمایاں جگہ پر آویزاں نہ کرنے پر 15کو وارننگ نوٹسز جاری کئے ۔چیئرمین پی سی سی میاں عثمان نے بتایا کہ سبزہ زار کے مختلف علاقوں کے صارفین کی جانب سے گراں فروشی کی شکایات موصول ہونے پر اوپن مارکیٹوں کا اچانک دورہ کر کے جنرل سٹورز، دودھ ،دہی ، سبزی ، پھل اور گوشت کی دکانوں پر قیمتوں اور معیار کا جائزہ لیا گیا ۔انہوں نے بتایا کہ جن دکانداروں کو پہلے وارننگ جاری کی گئی تھی انتظامیہ کے لوگوں نے صارفین کے روپ میں پہلے خود خریداری کی اور شکایت درست ثابت ہونے پر ان کے خلاف کارروائی عمل میں لائی گئی ۔گراں فروشی اور کم تولنے والے 4دکانداروں کے خلاف ایف آئی آر درج کرا کے موقع سے ہی گرفتار کر ادیا گیا جبکہ 6کو بھاری جرمانے کئے گئے ۔ ریٹ لسٹ نمایاں جگہ پر آویزاں نہ کرنے والے 15لوگوں کو سخت تنبیہ کرتے ہوئے نوٹسز بھی جاری کئے گئے ۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے میاں عثمان نے کہا کہ شکایات موصول ہونے پر فوری کارروائی عمل میں لائی جاتی ہے۔ اچانک دورے ا ور صارفین کے روپ میں خریداری کا مقصد شفافیت کو یقینی بنانا ہے اور انشااللہ اس پر کاربند رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ تاجر طبقہ بھی ہمارے لئے قابل احترام ہے اورانتظامیہ کے کسی بھی فرد کو انہیں ہراساں کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔