الیکشن کمیشن کی طرف سے 2018کے عام انتخابات کے لئے نئی حلقہ بندیوں کی تفصیلات جاری

 
0
631

اسلام آباد، مارچ 05 (ٹی این ایس): نئی مردم شماری کے پیش نظر الیکشن کمیشن نے جنرل الیکشن 2018کے لئے مجوزہ نئی حلقہ بندیوں کی تفصیلات جاری کر دی ہیں۔

نئی حلقہ بندیوں کے بعد اب قومی اسمبلی کے لئے جنرل نشستوں کے لئے بلوچستان کے 16، خیبرپختونخوا کے39،پنجاب 141، سندھ کے61، فاٹا کے 12، اسلام آباد کے 3 حلقے ہونگے۔

الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ ان  نئی حلقہ بندیوں پر اعتراضات 3 اپریل تک جمع کرائے جا سکتے ہیں۔

حالیہ مردم شماری کے نتائج کے مطابق الیکشن کمیشن نے جنرل الیکشن2018کے لئے نئی حلقہ بندیوں کی تفصیلات شائع کر دیں۔ نئی حلقہ بندیوں کے تحت بلوچستان اسمبلی کی 51جنرل، خیبرپختونخوا کی 99 پنجاب کی 297 اور سندھ اسمبلی کی 130 جنرل نشستیں ہوں گی۔ خیبرپختونخواہ سے قومی اسمبلی کی نشست کیلئے7 لاکھ 82 ہزار651 نفوس پرمشتمل آبادی کا کوٹہ رکھا گیا۔ اسی طرح پنجاب میں 7 لاکھ 80 ہزار 266، بلوچستان میں 7 لاکھ 71 ہزار 546، جبکہ سندھ میں 7 لاکھ 85 ہزار135 نفوس پر مشتمل آبادی کا کوٹہ رکھا گیا۔

الیکشن کمیشن کے نوٹیفیکیشن کے مطابق قومی اسمبلی کا حلقہ نمبر1 پشاور کے بجائے اب چترال ہوگا۔ اسلام آباد میں تین حلقے این اے 52،53 اور 54 ہوں گے۔ پنجاب کا پہلا حلقہ این اے 55 اٹک ہوگا۔ راولپنڈی میں 7 حلقے این اے 57،58،59،60،61،62 اور 63 ہونگے۔

گجرات کے چار حلقے این اے 68 سے این اے 71،فیصل آباد کے حلقے این اے 101 سے این اے 110،  لاہور کے قومی اسمبلی کے حلقے این اے 123 سے این اے 136، ملتان میں قومی اسمبلی کے حلقے این اے 154 سے 159اورکراچی کے حلقے این اے 239 سے این اے 256 تک ہوں گے۔

الیکشن کمیشن کے نوٹیفیکیشن کے مطابق حلقہ بندیوں کی ابتدائی اشاعت 30 دن کے لیے ہوگی۔ حلقہ بندیوں کی تفصیل الیکشن کمیشن کے ضلعی دفاتر سے حاصل کی جاسکتی ہیں اور شہری حلقہ بندیوں پر اعتراضات 3 اپریل تک جمع کرائے جا سکتے ہیں۔