چیئرمین نیب نے نواز و شہباز شریف ،عمرا ن خان ، ذوالفقار بخاری، اسحاق ڈار، ڈاکٹر عاصم محمود، اور کئی دیگر کے  خلاف  مختلف کیسز میں انکوائری کی منظوری دیدی

 
0
965

فلیگ شپ انویسٹمنٹ لمیٹڈ اور دیگر 15 کمپنیوں  اورعزیزیہ سٹیل ملز اور ہل میٹل کیس میں بدعنوانی کا ضمنی ریفرنس دائر کرنے کی  بھی منظوری

راولپنڈی ریلوے ایمپلائز کو آپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹی انتظامیہ،سول ایوی ایشن اتھارٹی افسران ، نیشنل ٹیسٹنگ سروس انتظامیہ اور پنجاب کے محکمہ صحت  بھی انکوائری کی ذد میں آئیں گے

اسلام آباد، مارچ 05 (ٹی این ایس): نیب کے ایگزیکٹو بورڈ کے اجلاس میں میسرز چوہدری شوگر ملز کے مالکان نوازشریف ،شہبازشریف ،حمزہ شہباز ، کلثوم نواز ، مریم صفدر اور دیگر کے خلاف انکوائری کی منظوری دیدی ہے ۔
چیئرمین نیب جسٹس جاوید اقبال کی زیر صدارت نیب ہیڈکواٹر ز میں ایگزیکٹو بورڈکا اجلاس ہوا جس میں میسرز چوہدری شوگر ملز کے مالکان میاں محمد نواز شریف، میاں محمد شہباز شریف، حمزہ شہباز، کلثوم نواز، مریم صفدر اور دیگر کے خلاف انکوائری کی منظوری دی گئی ہے۔ ملزمان پر مبینہ طور پر آمدن سے زائد اثاثے بنانے کا الزام ہے۔ یہ شکایت نیب کو مشتبہ رقوم کی منتقلی کی بنیاد پر سٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے موصول ہوئی۔ نیب ایگزیکٹور بورڈ اجلاس نے میاں محمد شہباز شریف، فضل داد عباس، مسرور انور اور دیگر کے خلاف انکوائری کی منظوری بھی دی۔ نیب کو یہ شکایت بھی مشتبہ رقوم کی منتقلی کی بنیاد پر سٹیٹ بینک کی جانب سے موصول ہوئی۔
اس کے علاوہ چئیرمین نیب نے  ایگزیکٹو بورڈ کے اجلاس میں میاں محمد نواز شریف اور دیگر کے خلاف فلیگ شپ انویسٹمنٹ لمیٹڈ اور دیگر 15 کمپنیوں کے کیس میں بدعنوانی کا ضمنی ریفرنس ،نواز شریف اور دیگر کے خلاف عزیزیہ سٹیل ملز اور ہل میٹل کیس میں بدعنوانی کا ضمنی ریفرنس دائر کرنے کی منظوری دی ۔
نیب کے ایگزیکٹو بورڈ اجلاس نے پانامہ سکینڈل میں 15 کمپنیوں کے مالک ذوالفقار بخاری کے خلاف  بھی انکوائری کی منظوری دیدی ہے۔ ملزم پر مبینہ طور پر آمدن سے زائد اثاثے بنانے کا الزام ہے۔
نیب کے ایگزیکٹو بورڈ اجلاس نے راولپنڈی ریلوے ایمپلائز کو آپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹی کی انتظامیہ اور دیگر کے خلاف انکوائری کی منظوری دی۔ ملزمان پر مبینہ طور پر ریلوے کی اراضی پر غیر قانونی طور پر قبضہ کرنے اور راولپنڈی ریلوے ایمپلائز کو آپریٹو ہ ہاؤسنگ سوسائٹی کی مد میں بقایا جات کے عدم ادائیگی کا الزام ہے جس سے قومی خزانے کو بھاری نقصان پہنچا۔
نیب کے ایگزیکٹو بورڈ اجلاس نے سول ایوی ایشن اتھارٹی کے افسران اور دیگر کے خلاف انکوائری کی منظوری دی۔ ملزمان پر اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے میسرز حساس کنسٹرکشن کو غیر قانونی طور پر ٹھیکہ دینے کا الزام ہے۔ جس سے قومی خزانے کو 664,405 ملین روپے کا نقصان پہنچا۔
نیب کے ایگزیکٹو بورڈ نے نیشنل ٹیسٹنگ سروس NTS کی انتظامیہ اور حکومت پنجاب کے شعبہ صحت اور دیگر کے خلاف انکوائری کی منظوری دی۔ ملزمان پر مبینہ طور پر امتحانات میں عدم شفافیت کے ذریعے من پسند امیدواروں کو فائدہ پہنچانے کا الزام ہے۔
نیب کے ایگزیکٹوبورڈ اجلاس نے ڈاکٹر عاصم محمود، محمود الحسن اور دیگر کے خلاف انکوائری کی منظوری دی۔ ملزمان پر مبینہ طور پر آمدن سے زائد اثاثے بنانے کا الزام ہے۔ یہ شکایت مشتبہ رقوم کی منتقلی کی بنیاد پر سٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے نیب کو موصول ہوئی۔
نیب ایگزیکٹو بورڈ اجلاس نے ملک مقصود احمد مالک مقصود اینڈ کمپنی اور دیگر کے خلاف انکوائری کی منظوری دی۔ ملزمان پر مبینہ طور پر آمدن سے زائد اثاثے بنانے کا الزام ہے۔ یہ شکایت مشتبہ رقوم کی منتقلی کی بنیاد پر سٹیٹ بینک کی جانب سے نیب کو موصول ہوئی۔
نیب ایگزیکٹو بورڈ اجلاس نے سابق وفاقی وزیر محمد اسحاق ڈار کے خلاف بدعنوانی کا ضمنی ریفرنس دائر کرنے کی منظوری دی۔ ان پر مبینہ طور پر آمدن سے زائد اثاثے بنانے کا الزام ہے۔

چیئرمین نیب نے عمران خان کےسرکاری ہیلی کاپٹراستعمال کرنےپر حکام کےخلاف انکوائری کی منظوری بھی دی۔ جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال کا کہنا تھا کہ نیب کسی کے خلاف امتیازی کارروائی نہیں کررہا۔