مشیر قومی سلامتی ناصر جنجوعہ  کی امریکی میڈیا کے وفد سے  ملاقات، علاقائی صورتحال  کے بارے پاکستانی موقف سے آگاہ کیا

 
0
317

اسلام آباد، مارچ 06 (ٹی این ایس): مشیر قومی سلامتی ناصر جنجوعہ نے امریکی میڈیا کے وفد سے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ ہمیں جنگ کے بجائے امن کے لئے سرمایہ کاری کرنے کی ضرورت ہے۔
تفصیلات کے مطابق ناصرجنجوعہ سے امریکی میڈیا کے4 رکنی وفد نے ملاقات کی اورمشیرقومی سلامتی نے وفد کو علاقائی سلامتی کی صورتحال پر تفصیلی پریزنٹیشن دی۔اس مو قع پر ان کا1979 ،نائن الیون کے بعدپاکستان کی سیکیورٹی فورسزکی کارکردگی پر روشنی ڈالتے ہوئے کہناتھاکہ عسکری حکمت عملی نے افغان معاشرے کو ہمیشہ زخم دیے ہیں،عسکری حکمت عملی نے جنگ کو پیچیدہ بنادیا ہے جس کا خاتمہ نظرنہیں آتا جبکہ ہمیں جنگ کے بجائے امن کے لئے سرمایہ کاری کرنے کی ضرورت ہے او رہم امریکا ،افغانستان کے ساتھ تعاون پرمبنی فریم ورک پرکام کرنا چاہتے ہیں۔ناصر جنجوعہ نے کہاکہ پاکستان ایک طویل عرصے سے سیاسی مصالحت پر اصرار کر رہا تھا، خطے کے ملکوں کے ساتھ دوستانہ اور تعاون پرمبنی تعلقات کے خواہاں ہیں۔امریکا اورمغربی ممالک خطے کی سلامتی کو برقرار رکھنے کیلئے مثبت کردار ادا کریں۔
جاری کردہ اعلامیہ میں ناصر جنجوعہ نے بھی زمینی حقائق جاننے کے لیے پاکستان آمد پر وفد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے مزید کہا کہ توقع ہے کہ امریکی وفد کو موجودہ صورتحال سمجھنے میں مدد ملے گی،وفد کو وہ اہم کردارجاننے کا موقع ملے گا جو پاکستان پہلے سے ادا کررہا ہے۔دوسری جانب امریکی میڈیا کے وفد نے ملاقات کو مفید قرار دیتے ہوئے مشیر قومی سلامتی کا شکریہ ادا کیا۔