دہشت گردوں کے مکمل خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے ٗاحسن اقبال 

 
0
324

پشاورمارچ 8(ٹی این ایس)وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا ہے کہ دہشت گردوں کے مکمل خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔پشاور میں فرنٹئر کور کے اہلکاروں کی پاسنگ آؤٹ پریڈ کی تقریب سے خطاب کے دوران احسن اقبال نے کہا کہ کسی بھی ملک میں امن و استحکام کا قیام بنیادی ضرورت ہے، پاکستان کو چند سال قبل دہشت گردوں نے نشانہ بنا رکھا تھا، دہشت گردوں نے ننھے بچوں کو پشاور میں نشانہ بنایا، جس پر پوری قوم، حکومت اور فورسز نے دہشت گردوں کا مقابلہ کرنے کا فیصلہ کیا، حکومت نے نیشنل ایکشن پلان کے تحت ایف سی کی استعداد کار میں اضافہ کیا۔احسن اقبال نے کہا کہ آپریشن کے باعث آج دہشت گرد نرغے میں ہیں لیکن جب تک دہشت گردوں کا مکمل طور پر خاتمہ نہیں کریں گے چین سے نہیں بیٹھیں گے، ہم اپنے بچوں کو پر امن پاکستان دیں گے، ملک بھر میں جہاں بھی آپریشن جاری ہے وہ دہشت گردوں کے تابوت میں آخری کیل ثابت ہو گا۔بعد ازاں میڈیا سے بات کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ نئے پاکستان میں جو ہارس ٹریڈنگ ہوئی اس پر عمران خان کو پوچھنا چاہئے کیونکہ سینیٹ انتخابات میں پی ٹی آئی کے اپنے گھر میں منڈی لگی جن جماعتوں کے اراکین بکے ہیں انھیں سوچنا چاہئے کہ ایسا کیوں ہوا۔ ہارس ٹریڈنگ کے خاتمے کیلئے مسلم لیگ (ن) سب کے ساتھ تعاون کیلئے تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں امن کیلئے ہم اسے اقتصادی طاقت بنانا چاہتے ہیں۔