اربوں کھربوں روپے کی کرپشن نے پورے نظام کوتلپٹ کردیا ہے‘میاں مقصود احمد

 
0
305

لاہور,مارچ 9(ٹی این ایس) :امیر جماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمد نے کہاہے کہ ملک میں کرپشن کا ناسور کینسر سے زیادہ خطرناک بن چکا ہے،ہر سال اربوں کھربوں روپے کی کرپشن نے پورے نظام کوتلپٹ کردیا ہے،گزشتہ حکومتوں کی طرح موجودہ حکومت کے دوراقتدار میں بھی کرپشن کا راج ہے،اوپر سے لیکر نیچے تک کرپٹ مافیا ملک وقوم کو لوٹنے میں مصروف ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور میں عوامی وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہاکہ اب تک اقتدارمیں آنے والی ہر پارٹی کے ارکان نے کرپشن کی بہتی گنگا میں ہاتھ دھوئے ہیں۔ کرپٹ اور لٹیرے سیاستدانوں اور حکمرانوں نے قومی وسائل پر قابض ہو کر قوم کو غربت، مہنگائی اور لوڈ شیڈنگ کے اندھیروں میں دھکیل دیاہے۔انہوں نے کہاکہ حکمرانوں کی جانب سے پانامالیکس کے معاملے پرشوروغوغا،چور مچائے شور والی بات ہے ۔کرپشن اور بدعنوانی میں ملوث تمام چھوٹے بڑے مجرموں کوقوم کے سامنے لایاجائے۔انہوں نے کہاکہ ملک میں روزانہ 10سے12ارب روپے کی کرپشن ہورہی ہے۔انہوں نے کہاکہ گزشتہ تین عشروں سے کرپشن کی آکاش بیل پاکستان کی سیاست، سول وملٹری اوربیوروکریسی کواپنے حصار میں لئے ہوئے ہے۔جب تک کرپشن کرنے والے بڑے عناصر کونہیں پکڑاجائے گا نچلی سطح پر کرپشن کاقلع قمع ممکن نہیں۔میاں مقصود احمد نے مزیدکہاکہ کرپشن کامرض چھوت کی طرح پھیل چکا ہے ضرورت اس امر کی ہے کہ ملک میں احتساب کانظام رائج کرتے ہوئے بلاتفریق کام شروع کیاجائے۔