لاہور میں دھاتی ڈور سے ایک شہری کی ہلاکت پنجاب حکومت کے منہ پر زور دار طمانچہ ہے‘یاسمین راشد 

 
0
268

لاہور,مارچ 9(ٹی این ایس) : تحریک انصاف کی مرکزی رہنما ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ صوبائی دارلحکومت میں دھاتی ڈور سے ایک شہری کی ہلاکت پنجاب حکومت کے منہ پر زور دار طمانچہ ہے ، پنجاب کی حکومت عوام کے جان و مال کا تحفظ کرنے میں بری طرح ناکام ہو گئی ہے ، دھاتی ڈور پر پابندی کے باوجود ایک شہری کی ہلاکت پنجاب پولیس اور ضلعی انتظامیہ کی نا اہلی اور نا کامی کا منہ بولتا ثبوت ہے ۔اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ ، دھاتی ڈور استعمال کرنے اور بنانے والوں کے خلاف سخت کاروائی عمل میں لائی جائے اور ملزمان کو پکڑ کر انصاف کے کٹہرے میں کھڑا کیا جائے ۔ ایک قیمتی جان کے ضیاع کی ذمہ داری شہباز شریف پر عائد ہوتی ہے یہ افسوس ناک واقعہ کے بعد پنجاب حکومت اور دیگر محکوں کی مایوس کن کارکردگی قوم کے سامنے عیاں ہو گئی ہے ، ابھی تک درجنوں صوبائی دارلحکومت میں قیمتی جانوں کا ضیاع ہو چکا ہے ، لیکن کسی ایک کو بھی سزا نہیں ہوئی ، شہباز شریف کی نام نہاد گڈ گورنس کا پول کھل کر سامنے آ گیا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ آئے روز شہباز شریف کی کرپشن اور نا اہلی کے سیکنڈل سامنے آ رہے ہیں لیکن ان کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگ رہی ،پولیس سمیت دیگر فورس صرف اور صرف شریف خاندان کے تحفظ پر لگی ہوئی ہے ۔ عوام کو حالات کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا ہے ۔ پیرو اور ڈولفن فورس کی کارکردگی صرف کاغذوں تک محدود کر رکھا ہے دن دہاڑے چور ڈکیت عوام کو لوٹ رہی ہے ، حکمرانوں اور پولیس کے اعلیٰ افسران نے مجرمانہ خاموشی اختیا ر کر رکھی ہے ۔