آسٹریلیا میں انسانوں کی اسمگلنگ کے الزام میں افغان شہری کو 12سال قید

 
0
366

کینبرا مارچ 10(ٹی این ایس)آسٹریلیا میں ایک افغان شہری کو تارکین وطن کو غیر قانونی طور پر آسٹریلیا منتقل کرنے کے الزام میں 12 سال قید کی سزا سنا دی گئی ۔ سید عباس نامی اس افغان شہری نے تارکین وطن کو مغربی آسٹریلیا پہنچانے کی کوشش کی تھی۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق 35 سالہ سید عباس نے دو سو سے زائد تارکین وطن اور سیاسی پناہ کے متلاشی افراد کے مغربی آسٹریلیا پہنچنے کے لیے سفری انتظامات کیے۔ بتایا گیا ہے کہ سید عباس نے 2009 تا 2011 تین کشتیوں کے ذریعے تارکین وطن کو انڈونیشیا سے آسٹریلیا منتقل کرانے کے انتظامات کیے تھے اور ان کشیتوں پر گنجائش سے زائد افراد سوار تھے۔ آسٹریلوی حکام کے مطابق اس سلسلے میں عباس نے ہر تارک وطن سے پانچ ہزار آسٹریلوی ڈالر تا 10 ہزار آسٹریلوی ڈالر وصول کیے۔مغربی آسٹریلوی شہر پرتھ کی عدالت کی جانب سے عباس کو بارہ برس قید کی سزا کا حکم سنایا گیا۔ عدالت کے مطابق چوں کے عباس ایک طویل عرصے سے جیل میں ہیں، اس لیے انہیں کم سزا دی گئی ہے۔ واضح رہے کہ عباس کو انڈونیشیا میں گرفتار کیا گیا تھا، اور سن 2015ء میں آسٹریلوی درخواست پر اسے کینبرا حکومت کے حوالے کر دیا گیا تھا۔