بیگناہ کشمیریوں کے قتل عام کا سلسلہ بند نہ کیا گیا تو کشمیر ی ایک سخت احتجاجی تحریک شروع کر دیں گے۔۔۔ میر واعظ

 
0
409

سرینگر مارچ 10(ٹی این ایس) مقبوضہ کشمیرمیں حریت فورم کے چیئرمین میر واعظ عمر فاروق نے کٹھ پتلی حکومت کو خبر دار کیا ہے کہ اگر اس نے بیگناہ کشمیریوں کے قتل عام کا سلسلہ بند نہ کیا تو کشمیر ی ایک سخت احتجاجی تحریک شروع کر دیں گے۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق میر واعظ عمر فاروق نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ کالاقانون آمڈ فورسز سپیشل پاورز ایکٹ مقبوضہ علاقے میں بیگناہ شہریوں کے قتل عام کی بنیادی وجہ ہے۔ میر واعظ عمر فاروق نے بھارتی فورسز کی طرف سے مقبوضہ وادی بھر میں بیگناہ شہریوں کے مسلسل قتل پر سخت تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ اگر قتل عام کا سلسلہ بند نہ کیاگیا تو کشمیریوں کے پاس احتجاج کے لیے سڑکوں پر آنے کے سوا کوئی دوسرا راستہ باقی نہیں بچے گا۔میر واعظ عمر فاروق نے مزید کہا کہ کشمیریوں کے تمام حقوق سلب کر لیے گئے ہیں اور انہیں قتل و غارت کی بہیمانہ کارروائیوں کیخلاف پر امن طریقے سے اپنا احتجاج ریکارڑ کرنے کی بھی اجازت نہیں دی جارہی۔
انہوں نے کٹھوعہ کی آٹھ سالہ آصفہ کی آبرو ریزی اور قتل کے مجرموں کو ابھی تک انصاف کے کٹہرے میں نہ لانے پر بھی سخت تشویش ظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس المناک واقعے پر بھی سیاست کی جارہی ہے اورانتظامیہ مجرموں کو بچانے کی کوششوں میں لگی ہوئی ہے۔میر واعظ نے ڈاکٹر محمد قاسم فکتو ،ڈاکٹر محمد شفیع شریعتی اور دیگر کشمیری نظر بندوں کو سینٹرل جیل سرینگر سے جموں خطے کی جیلوں میں منتقلی اور انہیں جرام پیشہ قیدیوں کے ساتھ رکھنے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری نظر بندوں کی زندگیوں کو سخت خطرات لاحق ہیں ۔انہوں نے اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق کمیشن پر زور دیا کہ وہ انسانی حقوق کی صورتحا ل کا جائزہ لینے کیلئے مقبوضہ کشمیر کا دورہ کریں۔ میر واعظ نے کہا کہ اقوام متحدہ کالے قانون آرمڈ فورسز سپیشل پاورز ایکٹ کی منسوخی کے لیے بھارت پر دباؤ ڈالے جو مقبوضہ کشمیر میں بیگناہ شہریوں کے قتل اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا بنیادی سبب ہے۔