عالمی برادری اوراقوام متحدہ مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی مظالم رکوانے اور تنازعہ کشمیر کے حل کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔۔۔ سید علی گیلانی

 
0
359

سرینگر مارچ 10(ٹی این ایس)مقبوضہ کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی نے عالمی برادری اور اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کمیشن پر زور دیا ہے کہ وہ اپنا دوہرا معیار ترک کر کے مقبوضہ کشمیر کے اطراف واکناف میں جاری بھارتی مظالم رکوانے اور تنازعہ کشمیر کے حل کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق سید علی گیلانی نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں ریاستی دہشت گردی کا بدترین مظاہرہ کرکے بین الاقوامی قوانین کی کھلم کھلا خلاف ورزی کررہا ہے ۔ انہوں نے واضح کیاکہ جموں کشمیر کوئی سرحدی تنازعہ نہیں ہے بلکہ یہ بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ ایک متنازعہ خطہ ہے جس کے مستقبل کا فیصلہ ابھی ہونا باقی ہے۔سیدعلی گیلانی نے کہا کہ بھارت کشمیر کا معاملہ خود 1948 ؁ء میں اقوامِ متحدہ میں لے گیا تھاجہاں بحث وتمحیص کے بعد یہ طے پایا کہ کشمیریوں کو ایک آزادانہ اور منصفانہ استصواب رائے کے ذریعے اپنے مستقبل کے تعین کا موقع دیا جائے گا اور اس حوالے سے18؍قراردادیں بھی پاس کی گئیں جن پر بھارت نے بھی نہ صرف دستخط کئے بلکہ یہ اعلان بھی کیا کہ جموں کشمیر کے مظلوم عوام کو حقِ خودارادیت کا موقع فراہم کیا جائے گا، مگر 70سال کا طویل عرصہ گزرنے کے باوجود بھارت اپنے اس وعدے کو پورا نہیں کررہا ۔
سید علی گیلانی نے کہا کہ کشمیری عوام گزشتہ70سال برس سے بھارت کے غیر قانونی قبضے کیخلاف جدوجہد کر رہے ہیں لیکن بھارت انہیں حق خود ارادیت دینے کے بجائے کشمیر میں ریاستی دہشت گردی کا بدترین مظاہرہ کررہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے اب تک 6؍لاکھ سے زائد کشمیریوں کو قتل ، 10؍ہزار کے لگ بھگ افراد کو جبر ی طور پر لاپتہ جبکہ ہزاروں خواتین کی عزت وناموس کو تار تار کیا ۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ علاقے میں چھ ہزار کے قریب گمنام اجتماعی قبریں دریافت ہوئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت حریت رہنماؤں اور کارکنوں سمیت ہزاروں کشمیری جیلوں، تھانوں اور تفتیشی مراکز میں بند ہیں۔ سید علی گیلانی نے کہا کہ جموں کشمیر میں اس وقت بھارت کے 8لاکھ سے زائد فورسز اہلکار موجود ہیں، جو یہاں ظلم وجبر اور قتل و غارت گری کا بازار گرم کیے ہوئے ہیں۔ گیلانی صاحب نے اقوامِ متحدہ کے انسانی حقوق کمیشن، ایشیاء واچ، ایمنسٹی انٹرنیشنل، عالمی ریڈکراس اور دیگر بین الاقوامی تنظیموں سے بھی اپیل کی کہ وہ جموں کشمیر میں بھارتی ریاستی دہشت گردی کو ختم کرنے میں اپنا کردار ادا کریں ۔