صہیونی فوج کی فلسطینی یونیورسٹی میں بربریت کی ویڈیو جاری

 
0
545

مقبوضہ بیت المقدس مارچ 10(ٹی این ایس)فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے میں فلسطینی یونیورسٹی پر اسرائیلی فوجی کمانڈوز نے دھاوا بول کر نہتے طلباء اور اساتذہ کو تشدد کا نشانہ بنایا اور ان کی کھلے عام توہین کی ۔جامعہ بیرزیت کے وائس چانسلر عبدالطیف ابو حجلہ نے عرب ٹی وی سے بات چیت میں کہاکہ صہیونی اسپیشل فورس کے حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ صہیونی فوج نے جامعہ کے ہزاروں طلباء کی زندگیوں کو خطرے میں ڈال دیا ہے۔ اسرائیلی فوج کی اسپیشل یونٹ کے کمانڈوز نے خود کو صحافی ظاہرکیا اور اندر داخل ہوتے ہی طلباء اور اساتذہ پراندھا دھند فائرنگ شروع کر دی۔ طلباء کو بے دردی کے ساتھ گھیسٹا اور انہیں تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔ابو حجلہ نے کہا کہ وہ یونیورسٹی پر صہیونی فوج کے دھاوے کو فلسطینی، عرب اور عالمی اداروں میں اٹھائیں گے کیونکہ یہ طلباء کے خلاف صہیونی فوج کا سنگین جرم ہے جس کے نتیجے میں طلباء کی زندگیاں خطرے میں پڑ چکی ہیں۔درایں اثناء عینی شاہدین نے بتایا کہ صہیونی فوج کی بھاری تعداد نے جامعہ بیرزیت پر چھاپے مارے۔ طلباء کو تشدد کا نشانہ بنایا اور دفاتر میں گھس کر قیمتی سامان کی توڑپھوڑ کی۔ قابض فوج نے اسلامی تحریک مزاحمت حماس کے مقرب طلباء گروپ اسلامک بلاک کے سرکردہ رکن عمر الکسوانی کو حراست میں لے لیا۔