موجودہ حکومت کی معاشی کامیابیوں کو جھٹلایا نہیں جا سکتا ،تعلیم کی اہمیت کو مند نظر رکھتے ہوئے ملکی تاریخ میں طلباء کو سب سے زیادہ سکالر شپ مسلم لیگ (ن) کے دور حکومت میں دیئے گئے ،وزیر داخلہ احسن اقبال

 
0
486

اسلام آباد مارچ 10(ٹی این ایس) وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی، اصلاحات و امور داخلہ احسن اقبال نے کہا ہے کہ تعلیم کے شعبہ میں ہمارے اقدامات کے نتیجہ میں بہتری آئی ہے، پی ایچ ڈی کیلئے وظائف میں ریکارڈ اضافہ ہوا ہے، چین، امریکہ، روس اور برطانیہ کے ساتھ ایجوکیشن ایکسچینج پروگرام کے تحت معاہدے کئے گئے ہیں، ملکی تاریخ میں طلباء کو سب سے زیادہ سکالر شپ دیئے گئے ہیں، طلباء کو چین اور امریکہ کی یونیورسٹیوں میں اعلیٰ تعلیم کیلئے بھیجا جا رہا ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو پی آئی ڈی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا مسلم لیگ (ن) کے دور حکومت میں کراچی سمیت ملک بھر میں امن آیا ہے، حکومت نے انتہاء پسندی اور دہشت گردی کا خاتمہ کر دیا ہے، دہشت گردوں کی کمر توڑ دی گئی ہے، ملکی معیشت ترقی کی راہ پر گامزن ہے، ملک میں کاروباری سرگرمیوں کو فروغ ملا ہے، محصولات میں نمایاں اضافہ ہوا ہے، ملک کی معاشی ترقی کیلئے سیاسی استحکام اور جمہوریت کا تسلسل ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کی معاشی کامیابیوں کو جھٹلایا نہیں جا سکتا، گذشتہ 4 سال میں شرح نمو تقریباً 5 فیصد تک پہنچ چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں صنعتی اور دیگر پیداواری یونٹس تیزی سے ترقی کر رہے ہیں، عالمی اداروں نے اعتراف کیا ہے کہ پاکستان کی اقتصادی ترقی کے اشاریے مثبت ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں صنعتی ترقی 2.5 سے بڑھ کر 5.6 تک پہنچ گئی ہے، صنعتی ترقی سے درآمدات میں اضافہ ہوا، پلانٹ اور مشینری کے شعبوں میں تیزی سے سرمایہ کاری ہو رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ گوادر کو سمارٹ پورٹ بنا کر خطہ کی اہم ترین بندرگاہوں میں شامل کر رہے ہیں۔ احسن اقبال نے کہا کہ ملک کے پسماندہ علاقوں کو ترقی کے مرکزی دھارے میں لا رہے ہیں، کوئٹہ سے گوادر کے سفر کو 2 دن سے کم کرکے 8 گھنٹوں پر لے آئے ہیں، سی پیک کو مانسہرہ کے ساتھ ساتھ چترال سے بھی منسلک کر رہے ہیں، طویل عرصہ سے تعطل کے شکار منڈا ڈیم منصوبہ کو شروع کیا، 1974ء سے التواء کے شکار لواری ٹنل منصوبہ کو مکمل کیا، کچھی کینال سے 72 ہزار ایکڑ بنجر زمین سیراب ہو رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ 2025ء کے ترقیاتی ایجنڈے پر کامیابی سے عمل پیرا ہیں۔ عالمی ادارے کہہ رہے ہیں کہ اگر ترقی کی یہی رفتار برقرار رہی تو پاکستان کا 2025ء تک دنیا کی 20 بڑی معیشتوں میں شمار کیا جائے گا، اقتصادی شعبہ کی کامیابیوں کو دنیا کے سامنے اجاگر کرنا ہو گا، معاشی ترقی کے تسلسل کو برقرار رکھنے کیلئے سیاسی استحکام ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ اقتصادی ترقی کے سفر کو پالیسیوں میں تسلسل کے ذریعے جاری رکھنا ہے، لوڈ شیڈنگ کو 20 گھنٹوں سے کم کرکے اوسطاً 2 گھنٹے تک لے آئے ہیں۔