آج کی نوجوان نسل اپنی ثقافت سے دور ہے ،والدین اپنا مثبت کردار ادا کریں‘ مسعود اختر

 
0
543

لاہور,مارچ 11(ٹی این ایس) :سینئر اداکار مسعود اختر نے کہا ہے کہ میں واضح کہتا ہوں کہ کسی بھی شعبے میں اپنی ثقافت کو پس پشت ڈال کر حاصل ہونے والی کامیابی عارضی ثابت ہو گی ،افسوس سے کہنا پڑتا ہے کہ آج کے والدین بچوں کو اپنی ثقافت سے روشناس کرانے میں ہچکچاہٹ کا مظاہرہ کرتے ہیں،انگریزی زبان دنیا سے رابطے کا ذریعہ ہو سکتی ہے لیکن اس کیلئے قومی زبان اردوکو کسی صورت نظر انداز نہ کیا جائے ۔ ’’ این این آئی ‘‘ سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میں آج کی نوجوان نسل کو دیکھتا ہوں تو انہیں اپنی ثقافت سے قدرے دور پاتا ہوں ،والدین اسے سنجیدگی سے لیں اور اپنا مثبت کردار ادا کریں ۔ میں چیلنج سے کہتا ہوں ہمارے نوجوان اپنی ثقافت اور تہذیب کا تجزیہ کر یں آپ کو دنیا میں ایسی کوئی دوسری ثقافت اور تہذیب نہیں ملے گی ۔آج بد قسمتی سے ہر کوئی انفرادی ترقی چاہتا ہے جو لمحہ فکریہ ہے ، ہمیں اجتماعی سوچ اور فکر کو فروغ دینے کے لئے کام کرنا ہوگا تبھی پاکستان آگے بڑھے گا۔ انہوں نے کہا کہ کچھ سیاستدانوں نے اپنی منفی سیاست کے ذریعے ایسی تقسیم پیدا کر دی ہے جو لوگوں کے گھروں تک پہنچ گئی ہے ۔ سیاست کو سیاست تک محدود رہنا چاہیے اسے نفرت میں تبدیل نہیں ہونا چاہیے اس سے معاشروں میں بیگاڑ پیدا ہوتا ہے ۔