ایرانی بسیج ملیشیا کاساتھیوں کی رہائی کا مطالبہ کرنے والے طلباء پردھاوا،50زخمی

 
0
972

تہران,مارچ 12(ٹی این ایس) :ایران میں پاسداران انقلاب کے ماتحت بسیج ملیشیا نے تہران میں اپنے گرفتار ساتھیوں کی رہائی کا مطالبہ کرنے والے نہتے طلباء پر حملہ کردیا جس کے نتیجے میں50سے زائد طلباء زخمی ہوگئے۔ایرانی ٹی وی کے مطابق تہران میں قائم امیر کبیر انڈسٹریل یونیورسٹی کے باہر سیکڑوں طلباء و طالبات نے حراست میں لیے گئے اپنے ساتھی طلباء کی رہائی کے لیے مظاہرہ کیا۔ مظاہرین نے ہاتھوں میں بینرز اور کتبے اٹھا رکھے تھے جن پر گرفتار طلباء کی فوری رہائی کا مطالبہ کیاگیا تھا۔اس موقع پر بسیج ملیشیا کے دسیوں مسلح اہلکاروں نے طلباء پر دھاوا بول دیا۔ بسیج اہلکاروں نے نہتے طلباء کو تشدد کا نشانہ بنایا اور انہیں طاقت کے ذریعے منتشر کردیا گیا۔خبر رساں اداروں کے مطابق طلباء ایران کی انقلاب عدالتوں کی طرف سے طلباء کودی جانے والی قید کی سزاؤں کے خلاف سراپا احتجاج تھے۔ انہوں نے ایک انقلاب عدالت کی طرف سے ایک طالب علم کو نو سال قید کی سزا کے خلاف بھی شدید نعرے بازی کی اور ان کی سزا کو ظالمانہ قرار دیا۔