پی ٹی وی حملہ کیس: پرویزخٹک، طاہرالقادری اور جہانگیر ترین بدستور مفرور قرار

 
0
6651

اسلام آباد مارچ 13(ٹی این ایس) انسداد دہشت گردی عدالت نے پی ٹی وی پارلیمنٹ حملہ کیس میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک، ڈاکٹر طاہر القادری اور جہانگیر ترین کو بدستور مفرور قرار دیا ہے۔انسداد دہشت گردی عدالت کے جج کوثر عباس زیدی نے سماعت کی اس موقع پر تحریک انصاف کے رہنما عارف علوی، اسد عمر اور اعجاز چوہدری پیش ہوئے۔جب کہ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے آج پیشی کے لئے استثنیٰ حاصل کر رکھا تھا۔سماعت کے دوران عدالت نے مقدمے میں نامزد ملزمان ڈاکٹر طاہرالقادری، پرویز خٹک اور جہانگیر ترین کو بدستور مفرور قرار دے دیا اور حکم دیا کہ ملزمان کے اسٹیٹس پر جامع رپورٹ پیش کی جائے۔ عدالت نے کہا کہ رپورٹ میں بتایا جایا کتنے ملزمان کی ضمانت ہوئی اور نامزد کتنے ملزمان نے استثنیٰ حاصل کیا اور کون مفرور ہے۔سرکاری وکیل نے عمران خان کی مستقل استثنیٰ سے متعلق درخواست پر دلائل کے لئے وقت مانگ لیا جب کہ عدالت نے شاہ محمود قریشی اور شفقت محمود کی آج حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کرلی۔عدالت نے پی ٹی آئی پنجاب کے رہنما اعجاز چوہدری کی درخواست ضمانت بھی منظور کرلی۔ انسداد دہشت گردی عدالت کے جج شاہ رخ ارجمند نے عمران خان کے خلاف ایس ایس پی تشدد کیس کی سماعت کی جس کے دوران فاضل جج نے ملزم کی آج حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کرلی چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی بریت کی درخواست بھی سماعت کے لیے مقرر کردی گئی جس پر 27 مارچ کو دلائل دیے جائیں گے۔ یاد رہے کہ تحریک انصاف کی جانب سے 2014 میں حکومت مخالف دھرنے کے دوران عمران خان سمیت پی ٹی آئی کے دیگر رہنماؤں کے خلاف ایس ایس پی تشدد، پی ٹی وی، پارلیمنٹ حملہ اور اشتعال انگیز تقاریر کے مقدمات درج کیے گئے تھے۔