وزیر داخلہ نے نیکٹا کی موبائل ایپ ‘چوکس’ کا افتتاح کردیا

 
0
359

اسلام آباد مارچ 13(ٹی این ایس)وزیر داخلہ احسن اقبال نے نیشنل کاؤنٹر ٹیرارزم اتھارٹی (نیکٹا) ہیڈکوارٹر کی نئی عمارت کا افتتاح کرنے کے ساتھ ساتھ نیکٹا کی موبائل ایپ ‘چوکس’ کا بھی افتتاح کردیا، جس کی مدد سے عوام مذہبی منافرت پر مبنی تقاریر سےآگاہ کرسکیں گے۔وزیرداخلہ احسن اقبال نینیکٹا ہیڈ کوارٹرز کی نئی عمارت کے مختلف حصوں کا دورہ کیا اور اندرونی سلامتی سے متعلق اجلاس کی صدارت کی، جس میں صوبائی آئی جیز، ڈی جی نیشنل پولیس بیورو، کمانڈنٹ ایف سی اور دیگر اعلیٰ عہدیداروں نے شرکت کی۔اس موقع پر وزیر داخلہ نے نیکٹا کی موبائل فون ایپلیکیشن ‘چوکس’ کا بھی افتتاح کیا، جس سے عوام کی شکایات اور اہم معلومات کا نیکٹا سے تبادلہ ہوسکے گا اور انتہاپسندی اور دہشت گردی پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔وزیر داخلہ نے کہا کہ افسران شکایات پر بروقت کارروائی کریں تاکہ ایپلی کیشن کی افادیت برقرار رہے۔ان کا کہنا تھا کہ چوکس ایپلیکیشن سے پاکستان کو محفوظ بنانے میں مدد ملے گی۔ساتھ ہی وزیر داخلہ احسن اقبال کا کہنا تھا کہ امن و استحکام کا اقتصادی ترقی کے ساتھ گہرا تعلق ہے، ملک میں امن و استحکام ہوگا، تب ہی اقتصادی و معاشی ترقی ممکن ہے۔اس موقع پر انہوں نے علاقائی اور ملکی استحکام کے لیے مل کر کام کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔