مذاکرات کی پیشکش کے باوجود شمالی کوریا سے رعایت نہیں ہوگی،وائٹ ہاؤس 

 
0
438

واشنگٹن مارچ 13(ٹی این ایس)وائٹ ہاؤس کے ترجمان نے دعویٰ کیاہے کہ کم جونگ ان اور صدر ٹرمپ کی ملاقات سے قبل شمالی کوریا نے میزائل اور جوہری تجربات روکنے اور امریکہ اور جنوبی کوریا کے درمیان طے شدہ فوجی مشقوں پر کوئی اعتراض نہ کرنے پر اتفاق کیا ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق وائٹ ہاوس کے ایک ترجمان راج شاہ نے امریکی ٹی وی کوبتایاکہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ماضی کے امریکی صدور کی جانب سے سے اختیار کردہ اس ناکام پالیسی کے برعکس حکمتِ عملی اختیار کی جس کے تحت ان کے بقول مذاکرات کے آغاز کے ساتھ ہی رعایتیں بانٹنے کا سلسلہ شروع ہوجاتا تھا۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کی پالیسی ہے کہ شمالی کوریا پر دباو برقرار رکھا جائے اور اس مقصد کے لیے نہ صرف دنیا بھر میں امریکہ کے اتحادی ملکوں اور حکومتوں بلکہ اقوامِ متحدہ اور چین کو بھی استعمال کیا جارہا ہے۔انہوں نے کہا کہ اسی پالیسی کے نتیجے میں کم جونگ ان کا رویہ تبدیل ہوا ہے اور دباوڈالنے اور بڑھانے کی یہ پالیسی آئندہ بھی جاری رہے گی۔راج شاہ نے دعویٰ کیا کہ کم جونگ ان اور صدر ٹرمپ کی ملاقات سے قبل شمالی کوریا نے میزائل اور جوہری تجربات روکنے اور امریکہ اور جنوبی کوریا کے درمیان طے شدہ فوجی مشقوں پر کوئی اعتراض نہ کرنے پر اتفاق کیا ہے۔