پولیس اور اکیسویں صدی کے چیلنجز کے عنوان کے تحت اسلام آباد میں اپنی نوعیت کی پہلی اور منفرد نمائش

 
0
409

اسلام آباد، مارچ 14 (ٹی این ایس): پولیس اور اکیسویں صدی کے چیلنجز کے عنوان کے تحت بدھ کو وزا رت داخلہ ، ایچ ای سی ، نیشنل پولیس بیور،اسلام آبادپولیس اور صوبوں کے اشتراک سے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے جناح کنونشن سنٹر میں اپنی نوعیت کی پہلی اور منفرد نمائش(نیشنل پولیس سمٹ اینڈ ایکسپو) کا انعقاد کیا گیا جس میں ملک کے چاروں صوبوں سے پولیس کے دستوں نے شرکت کی۔

سمٹ میں ماہرین نے پولیسنگ کے شعبہ میں جدید رجحانات پر روشنی ڈالی،ایکسپو میں جدید اسلحہ،ڈراونز اور جدید فرانزک لیب بھی نمائش کیلئے رکھی گئی تھی۔
تقریب کے میزبان آئی جی اسلام آباد سلطان اعظم تیموری نے اس موقع پر کہا کہ درپیش چیلنجز سے نمٹنے اور پولیس پر عوام کا اعتماد بحال کرنے کیلئے اس طرح کی تقریبات معاون ثابت ہوتی ہیں۔نمائش میں شریک عرصے سے دہشت گردی کے خلاف برسر پیکار خیبر پختون خواہ پولیس کے جوانوں اور افسران نے تقریب کو چار
چاند لگا دیئے۔

اس موقع پر ڈی آئی جی خیبر پختون خواہ پولیس شفقت محمود کا کہنا تھا کہ کے پی پولیس دنیا کے ترقی یافتہ ممالک کی پولیس سے کسی طور بھی کم نہیں۔
کے پی پولیس کے بم ڈسپوزل سکواڈ میں شامل دو بہنیں تقریب میں سب کی توجہ کا مرکز بنی رہی جن کا کہنا تھا کہ خواتین کسی سے بھی کم نہیں۔
بحریہ یونیورسٹی کے طلباء نے ایمرجنسی کے دوران روشنی کے ذریعے ڈیٹا کو ایک سے دوسری جگہ منتقلی کیلئے ایک نئی ایجاد بھی نمائش کیلئے پیش کی۔