پی ایس ایل تھری 28واں میچ: اسلام آباد یونائٹڈ کا غلبہ قائم ،کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 6 وکٹوں سے شکست دے دی

 
0
402

شارجہ، مارچ  16 (ٹی این ایس) :  پاکستان سپر لیگ سیزن تھری کے 28ویں میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 6 وکٹوں سے شکست دے دی۔ جے پی ڈومینی کو شاندار بیٹنگ کرنے پر مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔

شارجہ انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے درمیان ایونٹ کا 28واں میچ گیا۔ جس میں پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 147 رنز بناکر اسلام آباد یونائیٹڈ کو جیت کے لیے 148 رنز کا ہدف دے دیا۔

ہدف کو حاصل کرنے کے لیے جے پی ڈومینی اور لیوک رونچی نے اننگ کا آغاز کیا اور لیوک رونچی 10 رنز بناکر راحت علی کا شکار ہوگئے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کی دوسری وکٹ کا نقصان ایلکس ہیلز کا ہوا جو 16 رنز بناکر میر حمزہ کی گیند پر شین واٹسن کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔ ان کے بعد آؤٹ ہونے والے بلے باز شاداب خان تھے جو 18 رنز بناکر شین واٹسن کا شکار ہوئے۔

مصباح الیون کا چوتھا نقصان جے پی ڈومینی کا ہوا جو 54 رنز کی اننگ کھیل کر راحت علی کی گیند پر حسن خان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔

پاکستان سپر لیگ سیزن تھری کے 28ویں میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے اننگ کا آغاز جیسن روئے اور شین واٹسن نے کیا لیکن شین واٹسن 8 رنز بناکر سمت پٹیل کی گیند پر ایلکس ہیلز کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔

سرفراز الیون کی جانب سے دوسری وکٹ جیسن روئے کی گری جو 17 رنز بناکر عماد بٹ کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔ ان کے بعد آؤٹ ہونے والے بلے باز کیون پیٹرسن تھے جو 7 رنز بناکر فہیم اشرف کی گیند پر وکٹ کیپر لیوک رونچی کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا چوتھا نقصان عمر امین کا ہوا جو 28 رنز بناکر عماد بٹ کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔ ان کے بعد کپتان سرفراز احمد بھی 43 رنز کی اننگ کھیلنے کے بعد حسین طلعت کی گیند پر پویلین لوٹ گئے۔

سرفراز الیون کا چھٹا نقصان انور علی کا ہوا جو 2 رنز بناکر فہیم اشرف کی گیند پر جے پی ڈومین کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔ ان کے بعد آنے والے بلے باز محمد نواز تھے جو 1 رن بناکر فہیم اشرف کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔

ٹاس جیت کر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد کا رمیز راجہ سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی ہے رمیز راجہ جونیئر کی جگہ عمر امین کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے جبکہ اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔

پوائنٹس ٹیبل پر اسلام آباد 14 پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہے جب کہ کوئٹہ 10 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔ کراچی کنگز 9 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے ، ملتان سلطانز 9 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے، پشاور زلمی 8 پوائنٹس کے ساتھ پانچویں اور لاہور قلندرز 6 پوائنٹس کے ساتھ چھٹے نمبر پر ہے۔