کراچی میں پی ایس ایل کے فائنل کا کامیاب انعقاد  امن  کا مظہر اورحکومت کی مثبت پالیسیوں کا نتیجہ ہے: وزیرِ اعظم

 
0
295

کراچی، مارچ 27 (ٹی این ایس): وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہاہے کہ پی ایس ایل کے فائنل کا کراچی میں کامیاب انعقاد حکومت کی مثبت پالیسیوں کا نتیجہ ہے ۔ کراچی میں تاجروں کے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت نے شہر میں امن قائم کیا ہے اور یہ مستقبل میں اسے برقرار رکھے گی ۔

انہوں نے کہاکہ تاجربرادری نے ملک کی ترقی میں اہم کر دار ادا کیا ہے اور حکومت کابنیادی ہدف ملک میں اقتصادی استحکام اور امن کا قیام ہے ۔انہوں نے سر مایہ کاروں کے اعتماد کو برقرار رکھنے کیلئے پالیسیوں میں تسلسل جاری رکھنے کو یقینی بنانے پر زور دیا ۔ انہوں نے کہاکہ حکومت ملک کی اقتصادی ترقی کو یقینی بنانے کیلئے ہر ممکن اقدامات کریگی ۔ وزیراعظم نے توانائی بحران پر تبصرہ کرتے ہوئے کہاکہ حکومت نے ملک میں توانائی کی قلت کم کرنے کیلئے جراتمندانہ اقدامات کئے ہیں ۔ وفد کے ارکان نے وزیر اعظم کو انہیں درپیش مسائل سے آگاہ کیا اور وزیر اعظم نے ان کے مسائل حل کر انے کی یقین دہانی کرائی ۔