مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجیوں نے مارچ کے مہینے میں29کشمیریوں کو شہیدکیا

 
0
281

سرینگر ،اپریل01 (ٹی این ایس):مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجیوں نے اپنی ریاستی دہشت گردی کی جاری کارروائیوں کے دوران گزشتہ ماہ مارچ میں ایک خاتون اور ایک کم عمر لڑکے سمیت 29بے گناہ کشمیریوں کو شہید کیا۔ان میں سے چار نوجوانوں کو مختلف جعلی مقابلوں میں شہید کیا گیا۔کشمیر میڈیا سروس کے ریسرچ سیکشن کی طرف سے اتوار کو جاری کی گئی رپورٹ کے مطابق ان شہادتوں کی وجہ سے 1خاتون بیوہ اور4بچے یتیم ہوئے۔

اس عرصے کے دوران بھارتی فورسز نے پرامن مظاہرین کے خلاف گولیوں،پیلٹ گن اور آنسو گیس سمیت طاقت کا وحشیانہ استعمال کرکے 198فراد کو زخمی اور حریت رہنماؤں اور کارکنوں سمیت 117شہریوں کو گرفتارکیا۔بھارتی فورسز نے گزشتہ ماہ 35رہائشی مکانوں کو تباہ کیا جبکہ 15کشمیری خواتین کو بے حرمتی کا نشانہ بنایا۔دریں اثنا بھارتی فوجیوں نے ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائیوں کے دوران اتوار کو اسلام آباد اور شوپیاں کے اضلاع میں 8کشمیری نوجوان شہید کر دیے۔ فوجیوں نے شوپیاں کے دراگڈمیں سات جبکہ اسلام آباد کے علاقے دیال گام میں ایک نوجوانون کو محاصرے اور تلاشی کی کارروائیوں کے دوران شہید کیا۔ ۔

لوگوں نے فوجی آپریشن اور نوجوان کے قتل کیخلاف دونوں اضلاع میں سڑکوں پر آکر زبردست احتجاج شروع کر دیا ہے۔ بھارتی فورسز کیطرف سے مظاہرین پر پیلٹ فائرنگ کے نتیجے میں متعدد شہریوں کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔ کٹھ پتلی انتظامیہ نے اسلام آباد اور شوپیاں کے اضلاع میں موبائل فون اور ریل سروسز معطل کر دی ہیں۔